وزارت مذہبی امور کی کاوشوں کے نتیجے میں حج 2027 کے عازمین کے لیے پاسپورٹ تجدید کے عمل میں اہم سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔ وزارت کی درخواست پر پاسپورٹ آفس نے ملک بھر اور بیرونِ ملک تمام پاسپورٹ دفاتر کو قبل از وقت پاسپورٹ تجدید کی درخواستیں وصول اور نمٹانے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق حج 2027 کے لیے درخواست دینے والے عازمین پاسپورٹ رولز 3(c) کے تحت مقررہ مدت سے پہلے بھی اپنے پاسپورٹ کی تجدید کرا سکیں گے۔ اس اقدام کا مقصد عازمین کو بروقت سفری دستاویزات کی فراہمی اور حج درخواست کے عمل کو آسان بنانا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ حج 2027 کے لیے 16 نومبر 2027 تک مؤثر پاکستانی پاسپورٹ کا ہونا لازمی ہوگا جبکہ اس تاریخ تک کارآمد پاسپورٹ نہ ہونے کی صورت میں حج 2027 کی درخواست قبول نہیں کی جائے گی۔
وزارت مذہبی امور نے تمام خواہشمند عازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اگلے مرحلے میں کسی بھی دشواری سے بچنے کے لیے بروقت اپنے پاسپورٹ کی تجدید کرا کے 16 نومبر 2027 تک کارآمد پاکستانی پاسپورٹ تیار رکھیں۔