انڈین ریاست سِکم میں سیلاب سے 10 افراد ہلاک، 23 فوجی اہلکار لاپتہ

image

انڈیا کی شمال مشرقی ریاست سِکم شدید بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ 83 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔

خبر رساں ادارے روئٹرز نے بدھ کو حکام کے حوالے سے بتایا کہ سیلابی ریلے میں لاپتا ہونے والے افراد میں 23 فوجی اہلکار بھی شامل ہیں۔

انڈیا کے محکمہ موسمیات کے مطابق چین کی سرحد سے متصل ریاست سِکم میں منگل سے بدھ کی صبح تک 40 اعشاریہ نو ملی میٹر بارش ہوئی جو کہ اس موسم میں معمول کی بارش (آٹھ اعشاریہ چھ) سے پانچ گنا زیادہ ہے۔

سکم کے چیف سیکریٹری وی بی پاتھک نے روئٹرز کو بتایا کہ ’ابھی تک مختلف مقامات سے 10 لاشیں نکالی گئی ہیں۔ کم از کم 82 افراد لاپتہ ہیں جبکہ 22 زخمی ہیں۔‘

اس سیلاب کی وجہ لوناک جھیل کے اوپر کلاؤڈ برسٹ یا مختصر دورانیے میں بہت زیادہ بارش کو قرار دیا جا رہا ہے۔

نیپال میں قائم انٹرنیشنل سینٹر فار انٹیگریٹڈ ماؤنٹین ڈویلپمنٹ میں برفبانی آبی ذخیروں کے ماہر مریام جیکسن نے کہا کہ ’شدید بارش نے سکم میں اس تباہ کن صورتحال کو جنم دیا ہے ۔ یہ بارش برفانی جھیل کے اس سیلاب کا سبب بنی ہے۔ اس سے ایک ڈیم، سڑکوں اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے۔‘

دفاعی حکام نے بتایا کہ شدید بارش کی وجہ سے لاپتہ ہونے والے انڈین فوجیوں کی تلاش میں مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ اس علاقے کا دارالحکومت گنگٹوک زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔

انڈین وزارت دفاع کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ’ابھی تک 23 فوجیوں کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات ہیں اور کچھ گاڑیاں بھی دلدل میں پھنسی ہوئی ہیں۔ ان کی تلاش کے لیے آپریشنز جاری ہیں۔‘

انڈیا کے محکمہ موسمیات نے سکم کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کی پیشگوئی کے ساتھ ساتھ شہریوں کو احتیاط کرنے کو کہا ہے۔

سرکاری حکام کے مطابق اس علاقے میں رہنے والے لگ بھگ 15 ہزار افراد اس سیلاب متاثر ہو سکتے ہیں۔ اس سیلاب کی وجہ سے دریائے تیستا پر نصب کم از کم آٹھ پُل ٹوٹ چکے ہیں۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts