’اگر یہ زندہ رہی تو۔۔۔‘، انڈیا میں ’توہم پرست‘ بہن بھائی نے چھوٹی بہن کو قتل کر دیا

image

انڈیا میں ہندو تہوار نوراتری سے منسلک ایک رسم کے دوران ایک 15 سالہ لڑکی کو مبینہ طور پر اس کی بڑی بہن اور بھائی نے چاقو کے وار کر کے قتل کر دیا۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ منگل کی صبح تین بجے پیش آیا، جب تینوں بہن بھائی ایک زرعی فارم پر ایک کاٹیج کے اندر ماتاجینا پاٹھ (ایک مذہبی رسم جو نوراتری سے منسلک ہے) ادا کر رہے تھے۔ 

جام نگر کے پولیس سپرنٹنڈنٹ پریم سکھ ڈیلو کے مطابق ’بڑی بہن نے کہا کہ چھوٹی بہن ان کے خاندان کے لیے بدقسمت ہے اور جب تک وہ زندہ ہے خاندان ترقی نہیں کرے گا۔ پھر بڑی بہن اور بھائی نے اسے چاقو مار کر قتل کر دیا۔‘

دھرول پولیس سٹیشن میں درج ایف آئی آر کے مطابق دونوں ملزمان نے نوعمر لڑکی کو بغیر کپڑوں کے زمین پر سلا دیا اور پھر اس پر وار کیا۔ 

پولیس سپرنٹنڈنٹ نے کہا کہ ’متاثرہ لڑکی نے پچھلے دو دنوں سے کچھ نہیں کھایا تھا اور وہ پہلے سے ہی کمزور تھی، پوسٹ مارٹم سے پتہ چلتا ہے کہ ابتدائی طور پر، مقتول کی موت چاقو کے متعدد زخموں کی وجہ سے ہوئی۔ تاہم، یہ عام انسانی قربانی کا معاملہ نہیں ہے جس میں عام طور پر مقتول کا سر قلم کیا جاتا ہے۔‘

انہوں نے بتایا کہ تینوں بہن بھائی قبائلی ہیں اور ان کا تعلق گجرات کے داہود ضلع سے ہے۔ وہ بپن برایا کی ملکیتی زمین پر مزدوروں کے طور پر کام کر رہے تھے، جنہوں نے اس معاملے کی شکایت بھی درج کرائی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ’زمین کے مالک نے منگل کو پولیس کو واقعے کی اطلاع دی۔ اس کے بعد، ہم نے متاثرہ لڑکی کے والدین سے رابطہ کیا جو داہود ضلع میں ہیں۔ تاہم انہوں نے شکایت درج کرانے سے انکار کر دیا۔ آخر کار، زمین کے مالک نے شکایت درج کرائی۔‘

 ایس پی نے کہا کہ دو بڑے بہن بھائیوں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے اور انہیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts