ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی پر ریفرنس، ’کارروائی براہِ راست نشر ہوگی‘

image

پاکستان کے سابق وزیراعظم زوالفقارعلی بھٹو کی پھانسی کے متعلق سپریم کورٹ میں دو ہزار گیارہ میں دائر ہونے والے صدارتی ریفرنس کی سماعت آج سے دوبارہ شروع ہو گی۔ 

چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس سردار طارق مسعود، جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس امین الدین خان، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس مسرت ہلالی پر مشتمل نو لارجر رکنی بینچ دن گیارہ بجے سماعت کا آغاز کرے گا۔

سپریم کورٹ کے اعلامیے کے مطابق عدالتی کارروائی براہ راست نشر کی جائے گی اور سپریم کورٹ کی سرکاری ویب سائٹ اور یوٹیوب چینل پر دکھائی جائے گی۔

پاکستان کے پہلے منتخب وزیراعظم زوالفقارعلی بھٹو کو چار اپریل 1979 کو دی جانے والی پھانسی کے خلاف سال دو ہزار گیارہ میں اس وقت کے صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور بھٹو کے داماد آصف علی زرداری کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 186 کے تحت ریفرنس دائر کیا گیا تھا جس میں بھٹو کے ٹرائل اور پھانسی پر نظرثانی کے حوالے سے عدالت سے رائے طلب کی گئی تھی۔

اس ریفرنس میں سپریم کورٹ سے درخواست کی گئی تھی کہ وہ جائزہ لے کہ کیا بھٹو کے قتل کا مقدمہ آئین میں دیے گیے بنیادی انسانی حقوق کے مطابق تھا، کیا بھٹو کی پھانسی کا فیصلہ عدالتی نظیر کے تحت لاگو ہو سکتا ہے، سزائے موت کا یہ فیصلہ منصفانہ اور جانبدارانہ نہیں تھا، کیا یہ سزائے موت قرآنی احکامات کی روشنی میں درست ہے اور کیا اس مقدمے میں پیش کیے گیے ثبوت اور گواہان کے بیانات بھٹو کو سزائے موت دینے کے لیے کافی تھے؟

جب یہ صدارتی ریفرنس دائر کیا گیا اس وقت افتخار محمد چوہدری سپریم کورٹ کے چیف جسٹس تھے جن کی سربراہی میں ایک لارجر بینچ نے اس کی چھ ابتدائی سماعتیں کیں۔

تاہم 12 نومبر 2012 کو اس ریفرنس کی چھٹی اور اب تک کی آخری سماعت کے بعد یہ مقدمہ پھرعدالت میں نہیں لگا اور اب 11 سال بعد چیف جسٹس قاضی فائزعیسٰی کی سربراہی میں منگل کے روز اس کو ایک مرتبہ پھر سنا جائے گا۔

اس ریفرنس کوسماعت کے لیے مقرر کیے جانے کے بعد پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور ذوالفقار علی بھٹو کے نواسے بلاول بھٹو زرداری نے اس کو قومی ٹیلی ویژن پر براہ راست نشر کرنے کے لیے درخواست دائر کی ہے۔

سینئر وکیل فاروق ایچ نائیک کی وساطت سے دائر کی جانے والی درخواست میں بلاول بھٹو نے بیان کیا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو کے نواسہ ہونے کے ناطے انہوں نے انصاف کے لیے درخواست کی ہے۔

’ذوالفقار علی بھٹو نے ہمیشہ قانون کی بالادستی کیلئے کردار ادا کیا، ان کا قتل نظام انصاف پر دھبہ ہے۔‘

درخواست میں کہا گیا ہے کہ عوام کے سامنے حقائق رکھنے کے لیے مقدمے کی لائیو نشریات بہت اہم اور ریفرنس کی سماعت براہ راست نشر کی جائے۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US