سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے بیٹے جنید صفدر کی دوسری شادی کی تفصیلات منظرِ عام پر آ گئی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جنید صفدر کی شادی اس بار سینئر سیاستدان شیخ روحیل اصغر کی پوتی شانزے اصغر سے طے پا گئی ہے۔ دلہن کے دادا شیخ روحیل اصغر نے صحافی شازیہ ذیشان سے گفتگو میں شادی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ شانزے اصغر کی دوستی جنید صفدر کی ہمشیرہ ماہ نور صفدر سے تھی جس کے ذریعے دونوں خاندانوں کا باہمی تعارف ہوا۔
شیخ روحیل اصغر کے مطابق پسندیدگی کے بعد باضابطہ طور پر رشتہ بھیجا گیا جسے قبول کر لیا گیا۔ شادی کی تقریبات 16 سے 18 جنوری 2026 تک ہوں گی۔
انہوں نے بتایا کہ مہندی کی تقریب دلہے کی رہائش گاہ جاتی امرا میں منعقد ہوگی جبکہ بارات کی تقریب لاہور کے علاقے لیک سٹی میں ہوگی۔ ولیمہ ایک بار پھر جاتی امرا میں رکھا جائے گا۔
یاد رہے کہ جنید صفدر اس سے قبل عائشہ سیف کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے تاہم یہ شادی برقرار نہ رہ سکی۔