ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ، 23 اہلکار جان سے گئے

image

ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں سکیورٹی فورسز کی پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں 23 جوان جان سے گئے۔

پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ منگل کی علی الصبح چھ دہشت گردوں نے درابن کے علاقے میں سکیورٹی فورسز کی پوسٹ پر حملہ کیا۔

بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جانب سے پوسٹ میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنانے پر دہشت گردوں نے دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی پوسٹ سے ٹکرا دی جس کے بعد خود کش حملہ ہوا۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا ہے کہ دھماکوں کے نتیجے میں قریبی عمارتیں تباہ ہوئی ہیں اور متعدد افرا ہلاک ہوئے۔

بیان کے مطابق اس واقعے میں 23 اہلکار جان سے گئے جبکہ تمام چھ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

’علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے  کلین اپ آپریشن جاری ہے۔ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے اس ناسور کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔‘

آئی ایس پی آر کے مطابق 11 اور 12 دسمبر کی درمیانی شب ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کے خلاف متعدد آپریشن کیے گئے جس میں کُل 27 دہشت گرد مارے گئے۔

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز پر دہشت گرد حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے بزدلانہ حملوں سے سکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں ہوسکتے۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں انہوں نے کہا کہ ’پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو سلام پیش کرتی ہے۔‘س

حملے کے بعد ڈی آئی خان کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی تھی جبکہ محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا کی ہدایت پر تحصیل درابن میں تعلیمی ادارے آج کے لیے بند کر دیے ہیں۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US