گلگت بلتستان میں 12 سالہ لڑکے کی 13 سالہ لڑکی سے دھوم دھام کے ساتھ شادی

image

گلگت بلتستان کے ضلع چلاس میں کم عمر لڑکے کی شادی کی گئی جس کی عمر صرف 12 سال ہے۔ حق نواز کا تعلق تحصیل داریل کے دور افتادہ گاؤں پھوگچ سے ہے جہاں منگل کو بڑی دھوم دھام کے ساتھ کم سن بچے کی شادی کی تقریب منعقد ہوئی۔ بارات میں دوست احباب کے علاوہ مقامی لوگوں نے بھی شرکت کی۔

بارات کے دن بڑوں کے ہمراہ سکول کے بچے بھی حق نواز کے ساتھ دلہن لینے گئے دلہے کو روایتی ٹوپی کے ساتھ نئے کپڑے اور پھولوں کے ہار پہنائے گئے، جبکہ دلہن کے گھر پہنچتے ہی ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔

ولیمے کے روز روایتی موسیقی کا اہتمام بھی کیا گیا جس میں دلہے نے مقامی رقص پیش کیا، مہمانوں نے کم عمر دلہے کو پھولوں کے ہار پہنائے اور پیسے بھی نچھاور کیے۔ 

والدین نے  بیٹے کی شادی کی خوشی میں ولیمے پر مقامی کھانوں کے ساتھ گاؤں کے لوگوں کی خاطر تواضع کی۔

چلاس کے مقامی شہری حشمت خان کے مطابق کم سن لڑکا پرائمری سکول کا طالب علم ہے، جبکہ دلہن کی عمر 13 سال بتائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں کم عمری میں شادی کا رواج آج بھی ہے اور یہ شادی والدین کی مرضی سے ہی ہوتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عموماً لڑکے کی 15 سال تک شادی کروائی جاتی ہے جبکہ کچھ ایک علاقوں میں بچپن میں ہی لڑکی کو کسی کے نام پر کیا جاتا ہے۔ 

مقامی شہری کا کہنا تھا کہ اس علاقے میں غربت زیادہ ہے اور شرح تعلیم بھی کم ہے، بیشتر خاندان ذاتی دشمنیوں اور تنازعات میں الجھے ہوئے ہیں اسی لیے چھوٹی عمر میں بیٹوں پر ذمہ داریاں عائد کی جاتی ہیں۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US