کور کمانڈرز کانفرنس کا کہنا ہے کہ ’فوج آئندہ عام انتخابات میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کو تمام مطلوبہ اور ضروری تعاون فراہم کرے گی۔‘ افواج پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ’آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیرصدارت 261 ویں کور کمانڈرز کانفرنس جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں منعقد ہوئی۔‘’کانفرنس کے شرکا نے کالعدم ٹی ٹی پی اور دیگر دہشت گرد گروپوں کی پڑوسی ملک میں محفوظ پناہ گاہوں، وہاں سے آزادی کے ساتھ کارروائیوں اور جدید ترین ہتھیاروں کی دستیابی کو پاکستان کی سکیورٹی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا۔‘آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ’پاکستان کو غیر مستحکم کرنے اور دشمن قوتوں کے اشارے پر کام کرنے والے تمام دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے عناصر کے خلاف ریاست مکمل طاقت کے ساتھ نمٹے گی۔‘
فورم نے سمگلنگ، منی لانڈرنگ، بجلی چوری اور دیگر غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے علاوہ ذخیرہ اندوزی کے خلاف جاری کارروائیوں کا بھی جامع جائزہ لیا۔
شرکا کا کہنا تھا کہ ’فوج ایسے جرائم کی روک تھام کے لیے متعلقہ سرکاری اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہر طرح کی مدد فراہم کرتی رہے گی۔‘
کور کمانڈرز کانفرنس کو خطے کی صورت حال، قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور بڑھتے ہوئے خطرات کے جواب میں اپنی حکمت عملی کے بارے میں بھی بریفنگ بھی دی گئی۔