پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سردار لطیف کھوسہ کے صاحبزادے خرم لطیف کو لاہور سے گرفتار کر لیا گیا۔
پاکستان پیپلز پارٹی چھوڑ کر حال ہی میں پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے اور پارٹی قیادت کے وکیل لطیف کھوسہ کی جانب سے اتوار اور پیر کی درمیانی شب بیان میں بتایا گیا کہ ان کے بیٹے خرم لطیف کو مزنگ پولیس نے گرفتار کیا ہے۔
بیان کے مطابق ’خرم لطیف کو ہائیکورٹ کے قریب واقع آفس سے مزنگ پولیس نے حراست میں لیا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے پی ٹی آئی کی وجہ سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔‘
خیال رہے نو مئی کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے درجنوں رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ چیئرمین عمران خان اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی بھی گرفتار ہیں۔
لطیف کھوسہ کئی برس سے پاکستان پیپلز پارٹی کا حصہ رہے اور ایک بار انہیں پنجاب کا گورنر بھی بنایا گیا۔
چند ماہ پیشتر ان کا جھکاؤ عمران خان کی طرف ہوا اور وہ ان کی اہلیہ بشرٰی بی بی کے کئی مقدمات میں وکیل بھی ہیں۔
پیپلز پارٹی نے بعدازاں ان کی رکنیت معطل کر دی تھی اور چند پہلے ہی انہوں نے پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہونے کا اعلان کیا تھا۔