فہرستوں کا تبادلہ، ’انڈین جیلوں میں 418 پاکستانی شہری قید ہیں‘

image
پاکستان اور انڈیا نے سفارتی ذرائع کے ذریعے ایک دوسرے کی حراست میں موجود قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کیا ہے۔

پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق  پیر کو فہرستوں کا بیک وقت تبادلہ سنہ 2008 کے قونصلر رسائی کے معاہدے کے تحت ہوا۔

اس معاہدے کے تحت دونوں ممالک کا ایک دوسرے کی حراست میں موجود قیدیوں کی فہرستوں کا ہر سال یکم جنوری اور یکم جولائی کو تبادلہ کرنا ضروری ہے۔

دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق ’حکومت پاکستان نے 231 انڈین قیدیوں (47 سویلین قیدی اور 184 مچھیرے) کی فہرست اسلام آباد میں انڈین ہائی کمیشن کے نمائندے کو فراہم کی ہے۔‘

’انڈین حکومت نے انڈین جیلوں میں قید پاکستانیوں کی فہرست نئی دہلی میں پاکستان ہائی کمیشن کے ایک افسر کو فراہم کی ہے۔ فہرست کے مطابق انڈین جیلوں میں 418 پاکستانی قیدی ہیں۔ ان میں 337 سویلین قیدی اور 81 مچھیرے ہیں۔‘

دفتر خارجہ نے انڈین حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ ان تمام پاکستانی شہری قیدیوں اور مچھیروں کو رہا کرے اور وطن واپس بھیجے، جو اپنی متعلقہ سزا پوری کر چکے ہیں اور جن کی قومی شناخت تصدیق شدہ ہے۔

انڈین حکومت سے 1965 اور 1971 کی جنگوں کے لاپتہ دفاعی اہلکاروں کو قونصلر رسائی دینے اور 77 سول قیدیوں تک خصوصی قونصلر رسائی کی درخواست بھی کی گئی ہے۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US