بلاول بھٹو وزیراعظم کے اُمیدوار نامزد، ’نفرت کی سیاست دفن کریں گے‘

image

پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے پارٹی کی جانب سے وزیراعظم کے اُمیدوار کے لیے بلاول بھٹو زرداری کے نام کی منظوری دے دی ہے۔

بدھ کو آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کی زیرِصدارت پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں عام انتخابات کے حوالے سے مہم اور منشور اور سیاسی رابطوں کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔

پیپلز پارٹی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کمیٹی کے اراکین نے صدر پی پی پی پی آصف علی زرداری اور چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔

اس موقع پر آصف علی زرداری نے پارٹی کی جانب سے وزیراعظم کے امیدوار کے طور پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا نام پیش کیا جس کی کمیٹی نے توثیق کر دی۔

بلاول بھٹو زرداری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا کہ ’میں پاکستان کے وزیر اعظم کے لیے اپنی پارٹی کی نامزدگی کو قبول کرتا ہوں۔ آٹھ فروری کو ہمیں نفرت اور تقسیم کی پرانی سیاست کو ختم کرنا ہو گا۔ ہمارا 10 نکاتی منصوبہ بہت سے افراد کے مفادات کو پورا کرے گا نہ کہ صرف چند مراعات یافتہ لوگوں کے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ہم مل کر غربت، بے روزگاری اور مہنگائی کو شکست دیں گے۔ ہم سب مل کر ایک پُرامن، خوشحال اور ترقی پسند پاکستان بنائیں گے۔‘

سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ’پیپلز پارٹی کسی سیاستدان یا سیاسی جماعت کو مخالف نہیں سمجھتی۔ پیپلزپارٹی نفرت کی سیاست کو دفن کرکے آگے بڑھنا چاہتی ہے۔ چاہتے ہیں ایسے معاشی پلان لے کر آئیں جس سے عام آدمی کو فائدہ ہو۔‘

It is with profound gratitude & great humility that I accept my party’s nomination for the office Prime Minister of Pakistan. On February 8th we must put an end to the old politics of hate & division. Unite the country around a new politics of services. Our 10 point plan will…

— BilawalBhuttoZardari (@BBhuttoZardari) January 3, 2024

انہوں نے کہا کہ ’پی ٹی آئی اور ن لیگ اشرافیہ کی نمائندگی کرتے ہیں۔ بینظیر بھٹو اور قائد عوام نے عام آدمی کی نمائندگی کی اب میں کروں گا۔‘

بلاول بھٹو نے 10 نکاتی منشور پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام سے 10وعدے کیے ہیں جنہیں پورا کریں گے۔

’منشور کے تحت تنخواہیں بڑھائیں گے،پسماندہ علاقوں میں سولر بجلی لائیں گے۔سولر پارک بناکر عوام کو 300 یونٹ مفت بجلی فراہم کریں گے۔ مفت تعلیم اور مفت صحت کی سہولیات فراہم کریں گے۔ سندھ میں سیلاب متاثرین کو گھر بنا کر دے رہے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ملک بھر میں عوام کو زمین کے مالکانہ حقوق دیں گے۔ بےنظیر کارڈ کے بعد کسانوں کے لیے کسان کارڈ لائیں گے۔ مزدوروں کو سوشل سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے مزدور کارڈ لائیں گے۔ نوجوانون کو ایک سال کے لیے مالی مدد فراہم کریں گے،طلبہ کو قرض کی سہولت فراہم کریں گے۔‘


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US