سینیٹ کی قرارداد سے تعلق نہیں، پیپلز پارٹی کا سینیٹر بہرہ مند تنگی کو شوکاز نوٹس

image

پیپلز پارٹی نے سینیٹ میں الیکشن میں تاخیر کے حوالے سے منظور کی گئی قرارداد کی مخالفت کرتے ہوئے اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت وقت پر انتخابات کا انعقاد چاہتی ہے۔

قرارداد کی منظوری کے وقت ایوان میں موجود ہو کر مخالفت اور کورم کی نشاندہی نہ کرنے پر پیپلز پارٹی نے سینیٹر بہرہ مند تنگی کو شوکاز نوٹس جاری کیا ہے۔

جمعے کو کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے کہا کہ سینیٹر بہرہ مند تنگی سے وضاحت لیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ قرارداد کی منظوری قانون نہیں۔ ’یہ ایوان میں موجود اراکین کی خواہش کو ظاہر کرتی ہے اگر وہاں کورم پورا ہو۔‘

پیپلز پارٹی کی رہنما نے کہا کہ ’ہم وقت پر الیکشن چاہتے ہیں، 14 سینیٹرز نے الیکشن میں تاخیر کے حوالے سے قرارداد کے ذریعے رائے دی جو پیپلز پارٹی کا مؤقف نہیں۔‘

شیری رحمان نے کہا کہ ’ہم نے الیکشن کی تاخیر کو کبھی سپورٹ نہیں کیا، شفاف الیکشن وقت پر ہونے چاہییں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے قرارداد کی حمایت نہیں کی، ’ہمارے سینیٹرز نے بتایا کہ انہوں نے قرارداد کی مخالفت کی۔‘

انہوں نے کہا کہ قرارداد کی منظوری کے وقت ایوان میں موجود سینیٹر بہرم مند تنگی پیپلز پارٹی کے کارکن ہیں۔ ’اگر ہم نظریاتی نہ ہوتے تو یہ پریس کانفرنس نہ ہوتی۔‘

شیری رحمان نے کہا کہ ملک کی اقتصادی صورتحال سب کے سامنے ہے، مسائل کا حل منتخب حکومت ہی پیش کر سکتی ہے جس کے لیے وقت پر الیکشن ہونا ضروری ہیں۔

پیپلز پارٹی کی رہنما نے کہا کہ الیکشن سے پہلے لوگ بڑی سیاسی جماعتوں میں جا رہے ہیں، ان کو بڑی جماعتوں کی چھتری چاہیے۔

’ہم وزارت عظمیٰ کے لیے بلاول بھٹو زرداری کو نامزد کیا ہے۔ اور نہیں چاہتے کہ انتخابات میں تاخیر ہو۔‘

ان کے مطابق پیپلز پارٹی نے ملک کی معاشی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے منصوبہ بھی اپنے منشور میں دیا ہے۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US