خیبرپختونخوا میں امن و امان کی مخدوش صورتحال کے پیش نظر محکمہ پولیس نے ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے عام انتخابات میں سکیورٹی صورتحال پر نظر رکھنے کے لیے موبائیل ایپلکیشن بنا لی ہے۔’سیف الیکشن‘ کے نام سے ایپ خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے تیار ہوئی۔ایپ کو بنانے کا مقصد پولنگ کے دن پولیس کے لیے تمام انتظامات بالخصوص سکیورٹی پلان کو مؤثر اور محفوظ بنانا ہے۔محکمہ پولیس آئی ٹی ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر نوید گل نے اردو نیوز کو بتایا کہ سیف الیکشن ایپ پولنگ کے دن کے لیے تیار کی گئی ہے جو صرف پولیس فورس کے زیرِ استعمال رہے گی۔انہوں نے بتایا کہ ’اس ایپ کی مدد سے پولنگ سٹیشن کے اندر اور باہر کی صورتحال سے لمحہ با لمحہ انفارمیشن شئیر ہوتی رہے گی جبکہ پولیس اہلکاروں کی تعیناتی اور لوکیشن سے متعلق بروقت معلومات موصول ہوں گی۔‘ڈائریکٹر آئی ٹی نوید گل کے مطابق امن و امان کی صورتحال یا پھر ہنگامہ آرائی کی صورتحال میں اس ایپ کی مدد سے فورسز کی فوری تعیناتی کی جاسکے گی جبکہ حساس اور حساس ترین پولنگ سٹیشنز کی سکیورٹی کا جائزہ بھی اس ایپ کے ذریعے ممکن ہو گا۔ان کا کہنا تھا کہ موبائل ایپ کو موصول ہونے والا ڈیٹا سینٹرل پولیس کمانڈ کے ڈیش بورڈ سے مانیٹر کیا جائے گا۔سنٹرل پولیس آفس پشاور میں دو نئی موبائل ایپس (APPs) ای پولیس پوسٹ ایپ اور سیف الیکشن ایپ کےافتتاح۔
جدید ٹیکنالوجی پر مبنی پولیسنگ وقت کی اہم ضرورت ہے، ایپ کےذریعے چوری کی گاڑیوں کی فوری چیکنگ وجرائم پیشہ افراد کا کریمنل ریکارڈ موقع پرہی چیک کیاجائیگا۔ ڈی آئی جی آئی ٹی عرفان طارق pic.twitter.com/X0XMZvoRAE
— KP Police (@KP_Police1) January 10, 2024
ڈی آئی جی آئی ٹی عرفان طارق کا کہنا تھا کہ الیکشن ایپ کے ذریعے سکیورٹی پر مامور فورسز کی پولنگ سٹیشنز پر بروقت تعیناتی اور عملے کو درپیش مشکلات کے دوران بروقت آگاہی حاصل کرکے فوری اقدامات کو یقینی بنانا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جدید دور میں آئی ٹی کو استعمال میں لاتے ہوئے الیکشن کو پرامن ماحول میں یقینی بنانا ہے جبکہ اس ایپ سے پولیسنگ بھی مزید بہتر انداز سے ہو گی۔ای پولیس پوسٹ ایپخیبرپختونخوا پولیس نے ’ای پولیس پوسٹ ایپ‘ کے نام سے ایک اور موبائل ایپ بھی تیار کی ہے۔ اس ایپ کی مدد میں سنیپ چیکنگ، سرچ آپریشن اور کریمینلز ریکارڈ موجود ہو گا جو پولیس افسران کے زیر استعمال ہو گا۔ڈائریکٹر آئی ٹی نوید گل کے مطابق ای پولیس ایپ میں چوری کی گاڑیوں کا ڈیٹا بھی نوٹیفکیشن کی صورت میں پولیس تک پہنچایا جائے گا اور یہ سسٹم اپ ڈیٹ ہوتا رہے گا۔انہوں نے بتایا ’دوسری جانب انتہائی مطلوب ملزمان کی فہرست بھی اسی ایپ میں موجود ہو گی تاکہ چیکنگ پوائنٹس پر تعینات پولیس اہلکاروں کو سنیپ چیکنگ میں مدد گار ثابت ہو سکے۔‘