محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور برفباری کی نوید سنادی

image

پاکستان میں طویل خشک سالی کے بعد محکمہ موسمیات نے آنے والے دنوں میں ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ظاہر کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعے کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد جبکہ بالائی اضلاع اور بلوچستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔ تاہم کشمیر، گلگت بلتستان اوربالائی خیبر پختونخوا میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔ تاہم مری، گلیات اور گر دو نواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔

بہاولپور، ساہیوال، اوکاڑہ، قصور، لاہور، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، راولپنڈی، اٹک، جہلم، منگلا، فیصل آباد، جھنگ، سرگودھا، منڈی بہاؤالدین، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خانیوال، ملتان، خان پور، رحیم یار خان، حافظ آباد، بھکر، لیہ، ڈیرہ غازی خان اور گردو نواح میں شدید دھند اور سموگ چھائی رہے گی۔

صوبہ خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود جبکہ بالائی اضلاع میں شدید سرد رہے گا۔ تاہم چترال، دیر، سوات، کوہستان اورمالاکنڈ میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ چارسدہ، مردان، نوشہرہ، صوابی، پشاور، لکی مروت، بنوں اور گردونواح میں شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد جبکہ جنوبی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ دوسری جانب بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں چند مقامات پر ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ دادو، لاڑکانہ اور گر دو نواح میں بوندا باندی ہو سکتی ہے۔ جیکب آباد، حیدرآباد، موہنجوداڑو، سکھر، گھوٹکی، خیر پور، کشمور اور پڈعیدن میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔

کشمیر میں موسم شدید سرد اورمطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US