اسلام آباد۔31جنوری (اے پی پی):آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا ) نے وفاقی حکومت کی پالیسی گائیڈ لائنز کے مطابق یکم فروری سے ایل پی جی کے 11.8 کلو گرام کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 13.76 روپے اضافہ کا اعلان کر دیا ۔ ترجمان اوگرا عمران غزنوی کی جانب سے بدھ کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یکم فروری سے ایل پی جی کی قیمت میں 1.16 روپے فی کلو اضافہ کیا گیا ہے۔ اوگرا نے گھریلو سلنڈر 13.76 روپے جبکہ 45.4 کلو گرام کے کمرشل سلنڈرکی قیمت میں 52.94 روپے اضافہ کیا ہے۔
ترجمان اوگرا کے مطابق ایل پی جی پروڈیوسر کی قیمت سعودی آرامکو-سی پی اور امریکی ڈالر کی شرح تبادلہ سے منسلک ہے۔ گزشتہ ماہ کے مقابلے میں سعودی آرامکو-سی پی میں 1.6 فیصد اضافہ ہوا ہے تاہم ڈالر کی اوسط شرح تبادلہ میں ایک فیصد کمی واقع ہوئی ہے جس کے نتیجے میں ایل پی جی صارفین کی قیمت میں 13.76 روپے فی 11.8 کلوگرام سلنڈر (0.45 فیصد) کا اضافہ ہوا ہے،ایل پی جی کی قیمت 257.59روپے فی کلومقرر کی گئی ہے، گھریلو سلنڈر 3039.63 روپے اور کمرشل سلنڈر11694 روپے میں دستیاب ہو گا۔ایل پی جی کی قیمت کا نوٹیفکیشن اوگرا کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔ واضح رہے کہ ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی نئی قیمتوں کا نفاذ یکم فروری سے ہو گا۔