تحریک آزادی کشمیر کیلئے معذرت خواہانہ رویہ اختیار نہیں کرنا ،ہم پوری قوت کے ساتھ اپنے حق خودارادیت کیلئے لڑیں گے ،5 فروری کو یوم یکجہتی بھرپور جوش و جذبے سے منایا جائے گا ، وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق

image

اسلام آباد۔31جنوری (اے پی پی):آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر کیلئے معذرت خواہانہ رویہ اختیار نہیں کرنا ،ہم پوری قوت کے ساتھ اپنے حق خودارادیت کیلئے لڑیں گے ،5 فروری کو یوم یکجہتی بھرپور جوش و جذبے سے منایا جائے گا اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کیا جائے گا ، سرکار دو عالم ﷺ کے دربار میں حاضری دے آیا ہوں ، عہد کر لیا ہے کہ اب پوری قوت سے تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کرنا ہماری ترجیح اول ہو گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے دفتر میں حریت کانفرنس کے کنوینئر محمود احمد ساغر کی قیادت میں حریت قائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر غلام محمد صفی، محمد فاروق رحمانی، سید یوسف نسیم، میر طاہر مسعو د، الطاف حسین وانی ،شیخ عبدالمتین، امتیاز وانی، فیض نقشبندی، محمد حسین خطیب اور دیگر بھی موجود تھے ۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ہم سب لوگ بطور کشمیری اپنے آبائو اجداد کے زمانوں سے تحریک آزادی کشمیر سے وابستہ ہیں ،قوموں کی زندگی میں ان تحریکوں کے دوران کئی مراحل آتے ہیں ،کبھی تیزی آتی ہے اور کبھی دھند چھا جاتی ہے ، 5 اگست 2019 کے بعد اس میں کچھ کمی آئی ۔انہوں نے کہا کہ بھارتی سپریم کورٹ کا جعلی فیصلہ مسئلہ کشمیر کو تبدیل نہیں کر سکتا،پاکستان ہمارا وکیل ہے ہم مدعی ہیں لہذا ہمیں ذرا متحرک ہونا پڑے گا ۔

انہوں نے کہا کہ حق خودارادیت کشمیریوں کا بنیادی حق ہے ، ہمارا یہ حق کوئی نہیں چھین سکتا ،ہمیں اپنی تحریک آزادی کیلئے کوئی معذرت خواہانہ رویہ اختیار کرنے کی ضرورت نہیں ہے ،ہم نے خم ٹھونک کر کشمیر کا مقدمہ پیش کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ 5 فروری یوم یکجہتی کا دن ہے ،اس دن تمام اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ 5 فروری کو عام تعطیل ہو گی ،تمام کاروباری سرگرمیاں معطل ہوں گی اور ریاست بھر میں اظہار یکجہتی کی ریلیاں نکالی جائیں گی ۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ 5 فروری کو کسی دوسرے اقدام کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی ہمارا مطمع نظر ہو گا ،حریت کو آزادکشمیر میں آئینی کردار دیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ میں نے سوچ لیا ہے کہ اب تحریک آزادی پہلی ترجیح اور ترقیاتی کام دوسری ترجیح ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کو اس کے عروج پر لے کر جاؤں گا ،میری تمام توانائیاں تحریک آزادی کی کامیابی کیلئے ہیں ،آقا علیہ السلام کے دربار میں حاضری دے آیا ہوں ، عہد کر لیا ہے کہ اب پوری قوت سے تحریک آزادی ہماری ترجیح اول ہوگی

۔انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کے حوالے سے آپ آزادکشمیر میں ماس موومنٹ دیکھیں گے ،بین الاقوامی فورموں پر بھی مسئلہ پوری قوت سے اٹھایا جائے گا ،ہندوستان کو یہ باور کرایا جائے گا کہ وہ اگر خطے کو ایٹمی جنگ سے دور رکھنا چاہتا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرے ۔محمود احمد ساغر نے وزیراعظم چوہدری انوارالحق کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے حریت آفس کا دورہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے حوالے سے وزیراعظم آزادکشمیر نے بڑا کام کیا کہ اس پر کل جماعتی جموں و کشمیر کانفرنس بلائی اور پھر جموں کشمیر حریت کونسل کے زیر اہتمام کوٹلی میں دفاع حق خودارادیت اجتماع ہوا جس میں تمام سیاسی ،مذہبی اور حریت کانفرنس نے شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ ہم ملکر تحریک آزادی کو منظم کریں گے تاکہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر سے نکال سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کوٹلی کے جلسے میں ہزاروں افراد نے شرکت کی جو پبلک موبلائزیشن کی طرف بڑا اقدام تھا ۔انہوں نے کہا کہ 5 فروری کو مظفرآباد میں اجتماع کا ارادہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ 5 فروری ہر سال مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے منایا جاتا ہے جو بڑا ہتھیار ہے کہ ہم دنیا کو بتائیں کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے ۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر حریت کونسل کے چیئرمین وزیراعظم آزادکشمیر اور وائس چیئرمین حریت کانفرنس کے کنوینئر ہوں گے ۔راجہ مشتاق امیر جماعت اسلامی و گلگت بلتستان نے کہا کہ آج ہم ایک نمائندہ اجتماع میں موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزادکشمیر کو مبارکباد پیش کرتے ہیں جنہوں نے آزادکشمیر کو حقیقی معنوں میں تحریک آزادی کا بیس کیمپ بنایا ، ہم نے مل کر مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے کام کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ 5 فروری کو مظفرآباد میں ایک بڑا اجتماع منعقد کیا جائے اور مقبوضہ کشمیر کے عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ بیس کیمپ کو بڑے صبر آزما جدوجہد سے گزرنا ہو گا ہم نے مل کر آگے بڑھنا ہے اور اس میں زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو شامل کرنا ہے تاکہ ہم اپنے کیس کو بہتر انداز میں پیش کر سکیں ۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US