اسلام آباد۔1فروری (اے پی پی):قومی خبر رساں ادارے ’’ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان ‘‘ کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد عاصم کھچی نے کہا ہے کہ اے پی پی کے یوتھ میڈیا پروگرام کا مقصد میڈیا گریجویٹس کو عملی تربیت دے کر ان کی صلاحیتوں کو نکھارنا ہے، اے پی پی نئے میڈیا گریجویٹس کو عملی تربیت فراہم کرنے والا پہلا ادارہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں اے پی پی ہیڈ کوارٹرز میں یوتھ میڈیا ٹریننگ پروگرام اور تھری ڈی ورچوئل سٹوڈیو کے باضابطہ افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایم ڈی اے پی پی نے کہا کہ اس وقت میڈیا گریجویٹس کو عملی تربیت فراہم کرنے والا کوئی ادارہ نہیں ہے، طلباء کے پاس کتابی علم ہوتا ہے لیکن عملی تجربے کی کمی ہوتی ہے جبکہ زیادہ تر میڈیا اداروں میں ملازمت کے لئے تجربہ کی ضرورت ہوتی ہے۔انہوں نے طلباء کو بنیادی تکنیک فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے طلباء باصلاحیت ہیں، طلباء کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے تاکہ وہ رپورٹنگ، نان لائنر ایڈیٹنگ (این ایل ای)، گرافک ڈیزائننگ، فوٹو گرافی سمیت مختلف شعبوں میں آل رائونڈر بنیں اور وہ اپنی تربیت کی تکمیل کے بعد خود کفیل ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ تربیتی پروگرام کے آغاز کا مقصد میڈیا کے طلباء کی صلاحیتوں کو نکھارنا ہے تاکہ وہ اپنے خاندان کی کفالت کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ تربیتی پروگرام میڈیا کے اہم پہلوئوں میں مہارت حاصل کرنے کا ایک بے مثال موقع فراہم کرے گا جس سے میڈیا انڈسٹری کے لیڈرز کی اگلی نسل کی تشکیل ہو گی۔ اس سے قبل ویڈیو نیوز سروس (وی این ایس) کے ایڈیشنل ڈائریکٹر اور یوتھ میڈیا ٹریننگ پروگرام کے انچارج یاور عباس نے کہا کہ منیجنگ ڈائریکٹر نے وی این ایس کے عملے کو میڈیا گریجویٹ طلباء کو مفت تربیت فراہم کرنے کی ذمہ داری سونپی ہے، ٹریننگ کے لئے کل 500 طلباء نے درخواست دی اور ان میں سے 30 طلبا کو منتخب کیا گیا۔ورچوئل سٹوڈیو کے بارے میں یاور عباس نے بتایا کہ اس طرح کے تین سٹوڈیو سیٹ پہلے ہی قائم کئے جا چکے ہیں اور 10 مزید تھری ڈی ورچوئل سٹوڈیو سیٹس قائم کرنے کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یوتھ میڈیا ٹریننگ پروگرام کا منصوبہ نوجوانوں کو ہنر اور علم سے بااختیار بنانے کے لئے بنایا گیا ہے جو میڈیا کی متحرک دنیا میں کامیابی کے لئے ضروری ہے اور میڈیا کی بہترین کارکردگی کے مستقبل کو تشکیل دے رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ یوتھ میڈیا ٹریننگ پروگرام صحافت اور میڈیا کے طلبا کے لئے تیار کردہ ایک اہم اقدام ہے، اس تربیتی پروگرام کے ساتھ طلباء اپنے میڈیا کیریئر کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے موقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ ٹریننگ میں ٹی وی نیوز کی رپورٹنگ، ایڈیٹنگ اور پروڈکشن، ویڈیو نیوز سٹوریز اور پیکیجز بنانا، دستاویزی فلموں کی شوٹنگ، خبروں اور ٹاک شوز کی بلیٹن میکنگ/ پروڈکشن کا عمل، کیمرہ آپریٹنگ، لائیو کوریج، ویڈیو کیمرہ سسٹم، نان لائنر بارے تربیت فراہم کی جائے گی۔ایڈیٹنگ، ویڈیو گرافکس پیکیجنگ، آڈیو ایڈیٹنگ اور سائونڈ ڈیزائننگ، ٹی وی انٹرویو کی مہارت، سٹوڈیو ورک، نیوز کاسٹنگ، اینکر پرسن اور سوشل/ڈیجیٹل میڈیا تربیتی ماڈیول کی منصوبہ بندی کی گئی ہے اور اب اسے اے پی پی کی ویڈیو نیوز سروس اپنی پیشہ ور ٹیم کے ارکان اور جدید ترین آلات کے ساتھ چلائے گی۔ اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر محمد عاصم کھچی نے طلباء اور سٹاف کے ہمراہ کیک بھی کاٹا۔