نوجوانوں کے لئے ذہنی صلاحیتوں کو بڑھانے والے کھیلوں کا فروغ ضروری ہے، نگران وزیراعظم کا پرائم منسٹرز مائنڈ سپورٹس انیشی اٹیو کی افتتاحی تقریب سے خطاب

image

اسلام آباد۔2فروری (اے پی پی):نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ نوجوانوں کے لئے ذہنی صلاحیتوں کو بڑھانے والے کھیلوں کا فروغ ضروری ہے،کھیل مختلف ممالک کے درمیان رابطوں کا ذریعہ ہوتے ہیں، ملک کے ہر سکول میں شطرنج جیسے کھیلوں کی سہولت ہونی چاہیے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں سکولوں کے لیے پرائم منسٹرز مائنڈ سپورٹس انیشی اٹیو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتےہوئے کیا۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ بیرون ملک سے آئے ہوئے مہمانوں کا خیر مقدم کرتےہیں۔ نوجوانوں کے لئے ذہنی صلاحیتوں کو بڑھانے والے کھیلوں کا فروغ ضروری ہے۔ شطرنج کا کھیل ذہنی صحت کے ساتھ ساتھ نظم و ضبط کا سکھانے کا بھی باعث ہے جس سے زندگی کے ہر شعبے میں آگےبڑھنے کے لئے سمت کا تعین کرنے میں مدد ملتی ہے۔ پیشہ وارانہ زندگی میں یہ ایک بہترین مشغلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کھیل مختلف ممالک کے درمیان رابطوں کا ذریعہ ہوتے ہیں، دنیا بھر میں بہت سے کھلاڑیوں نے مختلف شعبوں میں نمایاں نام کمایا ہے۔میں اپنے موجودہ عہدے سے الگ ہونے کے بعد بھی یقین دلاتا ہوں کہ شطرنج کے کھیل کے فروغ کے لئے کوشاں رہوں گا۔ ملک کے ہر سکول میں اس طرح کے کھیلوں کی سہولت ہونی چاہیے۔

تقریب سے خطاب کرتےہوئے نگران وفاقی وزیربرائے بین الصوبائی رابطہ فواد احمد فواد نے کہا کہ کھیلوں کافروغ صحت مند معاشرے کے لئے ضروری ہے۔بچوں کے مستقبل کے لئے مختلف منصوبوں کے آغازپر وزیراعظم کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں دنیاکو مختلف چیلنجزاور مسائل کاسامنا ہے۔ماضی میں پاکستان میں شطرنج کے نمایاں کھلاڑی رہے ہیں۔تقریب سے انٹرنیشنل چیس فیڈریشن کے صدر آر کے ڈی ویکوویف نے بھی خطاب کیا۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US