اسلام آباد۔2فروری (اے پی پی):ڈاکٹر اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال نے اسلام آباد ٹریفک پولیس کے تعاون سے آئی ٹی پی لائسنس آفس، فیض آباد، اسلام آباد، میں میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا۔ میڈیکل کیمپ کا بنیادی مقصد آئی ٹی پی کے عملے اور لائسنس آفس آنے والے عام لوگوں کو صحت کی ضروری سہولیات فراہم کرنا تھا۔کیمپ میں اکبر نیازی ہسپتال کے ماہر ڈاکٹرز اور نرسنگ اسٹاف شامل تھے جنہوں نے جنرل میڈیسن، جنرل سرجری، آنکھوں اور دانتوں کے معائنے اور مشاورت کی خدمات فراہم کیں۔
اس موقع پر بلا معاوضہ ادویات بھی دی گئیں۔ہسپتال کی ڈائریکٹر ڈاکٹر عریج نیازی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر کرنل (ر) ڈاکٹر غلام مجتبیٰ عباسی اور سینئر انتظامیہ کے دیگر اراکین نے بھی کیمپ کا دورہ کیا۔اسلام آباد ٹریفک پولیس کے عہدیداروں اور عام لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے کیمپ میں پیش کردہ خدمات سے استفادہ کیا۔ اے این ٹی ایچ کی لیڈی ڈاکٹرز نے ہسپتال کی آگاہی مہم کے تحت آئی ٹی پی کی خواتین سٹاف ممبران کے لئے چھاتی کے کینسر کے از خود معائنہ کے طریقوں پر خصوصی لیکچر دئیے۔چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد محمد سرفراز ورک اور ایس پی آئی ٹی پی چوہدری عابد حسین نے بھی میڈیکل کیمپ کا دورہ کیا جہاں انہیں کیمپ میں دی جانے والی خدمات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ انہیں بہارہ کہو بائی پاس پر سکیورٹی کیبنز اور حفاظتی پیغامات لگانے میں اکبر نیازی ہسپتال اور آئی ٹی پی کے تعاون پر مبنی میڈیا رپورٹ بھی پیش کی گئی۔اس دوران محمد سرفراز ورک نے میڈیکل کیمپ کے انعقاد پر ہسپتال انتظامیہ کی تعریف کی اور شکریہ ادا کیا۔ڈاکٹر عریج نیازی کا کہنا تھا کے اے این ٹی ایچ انتظامیہ معاشرے کے تمام طبقات کی صحت کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے پر عزم ہے اور ہمیں آئی ٹی پی کے ساتھ اس تعاون پر فخر ہے کیونکہ پولیس اہلکار ہماری قوم کی خدمت میں پیش پیش ہیں۔ہسپتال کی کمیونیکیشنز کے سربراہ عمران علی غوری نے کہا کہ میڈیکل کیمپ میں مثبت ردعمل ہمارے لئے خوشی کا باعث ہے، یہ اقدام اکبر نیازی ہسپتال کے معیاری صحت کی دیکھ بھال کو سب کے لئے قابل رسائی بنانے کے مشن کا حصہ ہیں۔کیمپ کے اختتام پر دونوں فریقین نے مستقبل میں بھی عوام کے فائدے کے لئے دیگر مشترکہ کوششوں کے ساتھ ساتھ ایسے کیمپس کا انعقاد جاری رکھنے کا عزم کیا۔