برسلز۔2فروری (اے پی پی):وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے یورپی یونین کے اعلیٰ نمائندے برائے خارجہ امور اور سکیورٹی پالیسی جوزپ بوریل ایف کی دعوت پر بیلجیئم میں تیسرے انڈو پیسیفک وزارتی فورم میں شرکت کی۔
جمعہ کو دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے مشترکہ خوشحالی، اقتصادی استحکام اور سرمایہ کاری کے موضوع پر گول میز کانفرنس میں بھی شرکت کی۔ وزیر خارجہ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عالمی شراکت داری کے مستقبل کے راستے کا خاکہ پیش کیا۔انہوں نے تقسیم کرنے والی بلاک پالیٹکس اور بڑی طاقت کے مقابلہ کے تصورات سے دور جانے کی مشترکہ ذمہ داری پر زور دیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے قریبی تعاون اور کثیر الشعبہ بین الاقوامی شراکت داری کی ضرورت ہے۔انہوں نے بین الاقوامی ڈیجیٹل تعاون کے مراکز کی ترقی، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے طریقہ کار اور جنوبی ایشیا میں سائوتھ-سائوتھ سہ رخی تعاون کے نقطہ نظر کی تجویز پیش کی۔