لفظ ’’پاکستان ‘‘کے خالق چودھری رحمت علی کی برسی ہفتہ کو منائی گئی

image

اسلام آباد۔3فروری (اے پی پی):لفظ ’’پاکستان ‘‘کے خالق چودھری رحمت علی کی برسی ہفتہ (3 فروری کو )منائی گئی۔ اس موقع پر ان کی خدمات کو بھر پور انداز میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ چودھری رحمت علی 16 نومبر 1897 کو مشرقی پنجاب کے ضلع ہوشیار پور میں پیدا ہوئے تھے۔

پہلی مرتبہ 1915میں انھوں‌ نے اسلامیہ کالج لاہور میں بزمِ شبلی کے افتتاحی اجلاس کے دوران ہندوستان کے شمالی علاقوں کو مسلم ریاست میں تبدیل کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔وہ ہندوستان کے نہایت متحرک اور فعال سیاست دان اور مسلمانانِ ہند کے خیر خواہ تھے جو اپنے قول و فعل، قانون اور قلم کے میدان میں آزادی کا نعرہ بلند کیا اور اس حوالے سے ہر فورم پر متحرک رہے۔28 جنوری 1933ء کو چودھری رحمت علی کا مشہورچار صفحات پر مشتمل کتابچہ لندن میں شائع ہوا ،جس کا عنوان Now or never (اب یا کبھی نہیں) تھا۔ جس میں برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن کا تصور پیش کیا گیا تھا۔

برطانیہ اور ہندوستان کے طول و عرض میں اس کتابچے کا بہت چرچا ہوا اور پھر 14 اگست 1947 کو مسلمانوں کو ان کے خواب کی تعبیر پاکستان کی شکل میں مل گئی۔ چودھری رحمت علی 3 فروری 1951 کو برطانیہ میں وفات پاگئے تھے۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US