اسلام آباد۔3فروری (اے پی پی):لازوال سریلی اور سدا بہار دھنوں کے خالق، موسیقار ایم اشرف کی برسی کل( اتوار4فروری کو )منائی جائے گی۔ لازوال گیتوں کی موسیقی ترتیب دینے والے ایم اشرف یکم فروری 1938 کو پیدا ہوئے۔ وہ ماسٹر عنایت اور ماسٹر عبداللہ کے بھانجے اور موسیقار اختر حسین کے شاگرد تھے۔
بطور میوزک ڈائریکٹر انھوں نے شباب کیرانوی کی فلم سپیرن سے اپنے سفر کا آغاز کیا اور چار دہائیوں سے زائد عرصے تک اردو اور پنجابی فلموں کے لیے دھنیں تخلیق کیں۔ ایم اشرف نے اپنے کیریئر میں 400 فلموں کی موسیقی ترتیب دی اور لگ بھگ 2800 فلمی گانے کمپوز کئے۔انھوں نے متعدد گلوکاروں کو بھی فلم انڈسٹری میں متعارف کروایا جن میں ناہید اختر، نیرہ نور، رجب علی اور دیگر شامل ہیں۔ وہ 60 اور 70 کے عشروں کے مصروف ترین موسیقار تھے۔ایم اشرف کو کئی ایوارڈز سے نوازا گیا تھا۔ملکہ ترنم نور جہاں اور مہدی حسن سے لے کر طاہرہ سید، رجب علی، اخلاق احمد، نیّرہ نور اور کئی نام ور گلوکاروں نے اُن کے مرتب کردہ گیت گائے۔ان کی مشہور فلموں میں سپیرن، ماں کے آنسو، تیس مار خان، جمیلہ، عورت کا پیار، آئینہ، سوسائٹی، انسان اور آدمی، دامن اور چنگاری، میرا نام ہے محبت، آئینہ اور صورت، شبانہ، گھرانہ اور قربانی شامل ہیں۔ایم اشرف نے مجموعی طور پر 13 فلموں کے لیے بہترین موسیقار کے نگار ایوارڈز حاصل کیے جو ایک ریکارڈ ہے۔ایم اشرف کی برسی کے موقع پر موسیقی کیلئے ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں خراج تحسین پیش کرنے کیلئے مختلف پروگرامز اور تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔