کوئٹہ۔ 03 فروری (اے پی پی):نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے بلوچستان کے بارشوں اور برف باری والے اضلاع میں رابطہ سڑکوں، میونسپل سروسز کی بحالی اور ریلیف کی کارروائیاں شروع کرنے اور پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو مانیٹرنگ روم 24 گھنٹے فعال رکھنے کی ہدایت کی ہے ۔ ہفتہ کو یہاں چیف منسٹر سیکرٹریٹ سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ نگراں وزیراعلی میر علی مردان خان ڈومکی نے تمام ڈویژنل کمشنرز کو اپنے اپنے ڈویژنز کے تمام اضلاع میں موسمی حالات کے مطابق ہنگامی اقدامات کے لیے تیاریاں مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے ۔
نگراں وزیراعلیٰ نے ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ میونسپل کارپوریشن کو ہدایت کی ہے کہ کوئٹہ شہر سے بارشوں کے پانی کے اخراج کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں ۔ انہوں نے محکمہ پی ڈی ایم اے کو ہدایت کی ہے کہ زیارت، کان مہترزئی ، کوزک ٹاپ اور دیگر علاقوں میں راستوں سے برف ہٹا کر رابطہ سڑکوں کی بحالی کے لیے فوری آپریشن شروع کیا جائے ۔نگراں وزیراعلیٰ نے مکران کوسٹل ہائی وے سامی کور تربت سمیت بند سڑکوں پر پھنسے ہوئے مسافروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے پی ڈی ایم اے کو فوری ریسکو آپریشن شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارشوں اور برف باری والے اضلاع میں ذرائع مواصلات اور میونسپل سروسز کی بحالی یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے سیکرٹری بلدیات کو ہدایت کی کہ شہری علاقوں سے بارشوں کے پانی کے اخراج اور صفائی ستھرائی کے لیے بلدیاتی ادارے فعال کردار ادا کریں۔