اسلام آباد۔3فروری (اے پی پی):نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی حافظ طاہر اشرفی کو چرچ آف پاکستان کی جانب سے امن اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں ان کے کردار کے اعتراف میں ایوارڈ ملنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کے مابین یکجہتی ، امن اور اتحاد کو مضبوط تر بنانے میں حافظ طاہر اشرفی کی خدمات قابل ستائش ہیں۔
ہفتہ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان میں نگران وزیراعظم نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی کا فروغ پاکستان اور پوری دنیا کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے،امید ہے آپ مستقبل میں ملک میں امن کی فضا قائم رکھنے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔