گوجرانوالہ۔ 03 فروری (اے پی پی):سابق وزیراعظم پاکستان میاں محمدنوازشریف نے کہا ہے کہ اگر ن لیگ کادورحکومت رہتا توآج ملک میں بے روزگاری اور غربت کاخاتمہ ہوچکا ہوتا ، ن لیگ کے ہردورمیں ملک نے ترقی کی ، باعزت روزگار کی فراہمی تک نوازشریف چین سے نہیں بیٹھے گا ، سوشل میڈیا پر طوفان بدتمیزی برپاکرکے کہتے ہیں کہ یوتھ ان کے ساتھ ہے ، اصل یوتھ اس جلسہ گاہ میں موجود ہے ۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے جناح سٹیڈیم گوجرانوالہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ انٹرنیشنل ٹرانسپیرنسی کی رپورٹ کے مطابق ن لیگی ادوارمیں کرپشن انڈیکس سب سے کم رہا ، روٹی ، آٹے، چینی، گھی، پٹرول اور بجلی کی قیمتیں سب سے کم تھیں ، ن لیگ نے لوڈشیڈنگ کاخاتمہ کیا، غربت میں نمایاں کمی کی ، ڈالرکی قیمت کومستحکم رکھا جبکہ سابق ن لیگی دورمیں ترقی کی شرح 6فیصدتھی ۔ انہوں نے کہا کہ جب ن لیگی دورمیں آئی ایم ایف کوخدا حافظ کہاتوآئی ایم ایف حکام کاکہناتھا کہ اگرپاکستان اسی رفتار سے ترقی کرتارہاتواسے آئی ایم ایف کی ضرورت نہیں رہے گی ۔انہوں نے کہاکہ ہم ملک میں سی پیک لے کرآئے جس سے ملک میں7ارب کی سرمایہ کاری ہوئی ، بجلی کے کارخانے لگائے ، موٹر ویز بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ ن لیگ کام کررہی تھی اوریہ لوگ دھرنے دے رہے تھے ۔ میاں نوازشریف کاکہناتھا کہ ملک کی یوتھ ن لیگ کے ساتھ ہے ، جوایک دوسرے کااحساس اور بڑوں کااحترام کرتے ہیں نوازشریف کا دل اسی یوتھ کے ساتھ دھڑکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موقع ملنے پر عوام کو باعزت روزگار کی فراہمی، بجلی کی قیمتوں اور مہنگائی میں کمی یقینی بنائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ قوم گھبرائے نہیں ن لیگ پاکستان کو دوبارہ اپنے پائوں پرکھڑا کرے گی ، موٹروے بنائے گی ، سکول ،ہسپتال بنائے گی اورہرگھر کوروشن کرے گی ۔