اسلام آباد۔3فروری (اے پی پی):وزارت خارجہ نے لاہور میں رابطہ دفتر کی نئے مقام پر منتقلی کے ابتدائی ایام میں عوام کو پیش آنے والی مشکلات پر معذرت کا اظہار کیا ہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے ہفتہ کو جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ جیسا کہ پہلے اعلان کیا گیا تھاکہ قونصلر خدمات کو چند دن کے لیے معطل کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے رابطہ دفتر کی ایک نئے مقام پر منتقلی کے باعث یہ خدمات عارضی طور پر معطل رہیں۔یکم فروری 2024 کو قونصلر خدمات کے دوبارہ آغاز کے بعد سے ہمارا عملہ مکمل انہماک اور تندہی سے عوام کی خدمت کے لیے اضافی اوقات کار میں بھی کام کر رہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے امید کا اظہار کیا کہ آئندہ چند دنوں میں زیر التوا امور کو نمٹا دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دفتر کی نئے مقام پر منتقلی کے اس عمل کے دوران ہم عوام کے تعاون پر مشکور ہیں۔ مزید برآں رواں ہفتے کے آغاز پر وزارت خارجہ نے گجرات میں بھی اپنا رابطہ دفتر قائم کیا ہے جس سے لاہور رابطہ دفتر پر کام کا دباؤ کم ہونے کی توقع ہے۔انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ عوام کو موثر اور بروقت قونصلر خدمات/سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔