قاہرہ۔ ۔5فروری (اے پی پی):پاکستان کی غزہ کے لیے انسانی امداد کی پانچویں کھیپ العریش انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچ گئی۔پیر کو جاری پریس ریلیز کے مطابق پاکستان کا ایک خصوصی فوجی طیارہ غزہ کے برادر عوام کیلئے موسم سرما کے خیموں، ترپالوں اور کمبلوں پر مشتمل انسانی امداد لے کر آج مصر کے العریش بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچا۔
مصر میں پاکستانی سفارتخانے کے عہدیداروں نے غزہ میں فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی کو اس کی آگے کی ترسیل کے لیے امداد مصری ہلال احمر سوسائٹی کے حوالے کر دی۔ پاکستان اب تک غزہ کے لوگوں کو 230 ٹن انسانی اور طبی امداد پہنچا چکا ہے۔غزہ کے لوگوں کے لیے پاکستان کی جانب سے 100 ٹن انسانی امداد کی چھٹی کھیپ بھی (کل) منگل کو العریش پہنچے گی۔ پاکستان غزہ کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے اور مستقبل میں بھی انہیں ضروری امداد فراہم کرتا رہے گا۔