لاہور۔6فروری (اے پی پی):وزارت مذہبی امور و انٹرفیتھ ہارمنی کے ڈائریکٹر حج پنجاب اقرار احمد نے کہا کہ لاہور سمیت ملک بھر میں سرکاری کوٹہ کے تحت حاجی کیمپس میں عازمین حج کی ٹریننگ کا آغاز 12 فروری سے ہوگا،اس سلسلہ میں سرکاری عازمین حج کی تربیت کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے،
ضلع و تحصیل کی سطح پر تربیتی پروگرامز کا انعقاد12 فروری سے24 فروری تک مختلف حصوں میں ہوگا ،تربیتی پروگرامز میں شرکت لازمی ہو گی۔انہوں نے بتایا کہ نئے تربیتی نصاب میں مناسک حج کیساتھ ساتھ نظم و ضبط اور انتظامی امور پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔اے پی پی”سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر حج پنجاب اقرار احمد نے بتایا کہ صوبائی دارالحکومت لاہور سے18 ہزار عازمین حج سفر کی سعادت حاصل کریں گے اور ان کی ڈسٹرکٹ و تحصیل لیول پر حاجی کیمپس میں مختلف حصوں میں ٹریننگ ہو گی ۔انہوں نے بتایا کہ لاہور حاجی کیمپ میں کل9 ہزار عازمین حج کو ٹریننگ دی جائے گی جبکہ لاہور حاجی کیمپ میں روزانہ کی بنیاد پر ایک ہزار عازمین حج کو ٹریننگ فراہم کی جائے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ پہلے مرحلے میں 12 فروری سے15 فروری تک چار دن ٹریننگ فراہم کی جائے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں20 فروری سے لے کر 24 فروری تک پانچ دن ملک بھر حاجی کیمپس میں ٹریننگ فراہم کی جائے گی۔مختلف اضلاع میں سات حاجی کیمپوں کے ذریعے حج تربیتی پروگرام میں پاک حج موبائل ایپ،سفر حج کی تیاری،مناسک،سفر حج کی عمومی ہدایات شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ تربیت گاہوں میں وادی منی کی طرز کے ماڈل خیمے تیار کئے گئے ہیں،ماسٹر ٹرینرز عازمین حج کو تھری ڈی ویڈیوز اور سوال و جواب کے ذریعے تربیت فراہم کرینگے،علاوہ ازیںعازمین حج اپنے قریبی مقامات پر حج تربیتی ورکشاپس میں شرکت کرینگے،عازمین حج کو موبائل میسج اور حج ایپ کے ذریعے تربیتی شیڈول کی اطلاع بھی دی جائیگی۔