بلوچستان کے ضلع پشین میں انتخابات سے ایک روز قبل ایک انتخابی دفتر کے قریب بم حملے میں چھ افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
حکام کے مطابق دھماکہ بدھ کو بلوچستان اسمبلی کی نشست پی بی 47 سے آزاد امیدوار اسفند یار کاکڑ کے انتخابی دفتر میں ہوا جو کوئٹہ سے متصل ضلع پشین کے علاقے خانوزئی میں این 50 شاہراہ پر قائم ہے۔
بلوچستان کےنگراں وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے دھماکے میں چھ افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے تاہم انہوں نے مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔
دھماکے میں دس سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے جنہیں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پشین منتقل کر دیا گیا ہے جو دھماکے کی جگہ سے تقریباً چالیس منٹ کے فاصلے پر ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر خانوزئی دھیرج کالرا نے بتایا کہ دھماکا موٹر سائیکل پر نصب بم کے ذریعے کیا گیا۔ شدید زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کیا جائے گا۔
پی پی 47 پشین میں بلوچستان اسمبلی کے چار حلقوں مین سے ایک ہے جس پر اسفند یار کاکڑ کا جمعیت علمائے اسلام کے امیدوار سابق ایم این اے مولوی کمال الدین سے ہے۔ اسفند یار کاکڑ اس سے پہلے یہاں سے رکن بلوچستان اسمبلی اور صوبائی وزیر رہ چکے ہیں۔