اسلام آباد۔7فروری (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ اپنے نمائندوں کا انتخاب عوام کا حق ہے، ہم عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، الیکشن میں فیصلہ عوام کریں گے، تمام تر خدشات اور افواہوں کو پس پشت ڈالتے ہوئے الیکشن کا انعقاد ہو رہا ہے، الیکشن کے مرحلے تک پہنچتے ہوئے بہت سے مسائل درپیش تھے لیکن کسی بھی وجہ سے ہمارا حوصلہ پست نہیں ہوا، پاکستان کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف طویل جنگ لڑی ہے، کوئی بھی ہمیں اپنے اس جمہوری عمل سے نہیں ہٹا سکتا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے زیر انتظام الیکشن 2024ءکی کوریج کے لئے میڈیا کوآرڈینیشن اینڈ فیسلی ٹیشن سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ الیکشن کے حوالے سے لوگوں کے ذہنوں میں بہت سے خدشات تھے، تمام تر خدشات اور افواہوں کو پس پشت ڈالتے ہوئے الیکشن کا انعقاد ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے سال میری پہلی پریس کانفرنس میں مجھ سے پہلا سوال ہی الیکشن کے بارے میں کیا گیا تھا، اس وقت بھی یہی کہا تھا کہ یہ ملک آئینی جمہوریت کے تحت قائم ہے، آئینی وفاقی پارلیمانی نظام ہمارے سیاسی نظام کی بنیاد ہے، الیکشن کمیشن جو تاریخ دے گا، اس کے تحت ہی الیکشن ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ جب الیکشن کی تاریخ کا اعلان ہوا تو ہم مستقل مزاجی سے 8 فروری 2024ءکو الیکشن کے انعقاد کے موقف پر قائم رہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کل صبح پولنگ شروع ہوگی اور رات کو انتخابات کے غیر سرکاری نتائج کا اعلان شروع ہو جائے گا جبکہ حتمی اور سرکاری نتائج الیکشن کمیشن آف پاکستان جاری کرے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ الیکشن کے مرحلے تک پہنچنے میں بہت سے مسائل درپیش تھے لیکن کسی بھی وجہ سے ہمارا حوصلہ پست نہیں ہوا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ متعلقہ ادارے مصدقہ خبریں عوام تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی کے مسائل کا پہلی مرتبہ سامنا نہیں کر رہے، پاکستان کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف طویل جنگ لڑی ہے، کوئی بھی ہمیں اپنے اس جمہوری عمل سے ہٹا نہیں سکے گا۔انہوں نے کہا کہ 2008ءاور 2013ءمیں سکیورٹی کی صورتحال زیادہ خراب تھی، دہشت گردی کے چند واقعات کسی طور بھی ہماری سکیورٹی فورسز اور عوام کے حوصلوں کو پست نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کوآرڈینیشن اینڈ فیسلی ٹیشن سینٹر میں بہترین انتظامات کئے گئے ہیں جہاں صحافیوں کی ضروریات کا خیال رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا عوام کے جاننے کے حق کے لئے کوشاں ہے، ہم ہر طرح سے ان کی مدد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں اب چند گھنٹے باقی ہیں، عوام کا حق ہے کہ وہ اپنے نمائندے منتخب کریں، ہم عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، الیکشن میں فیصلہ پاکستان کے