اسلام آباد۔8فروری (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کراچی میں اپنا ووٹ ڈالا۔ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے ووٹ ڈالنے کے بعد سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر پیغام جاری کیا۔
جس میں انہوں نےکہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں نمائندے منتخب کرنے کے لیے آپ کے ووٹ کے ذریعے آپ کی رائے مانگی ہے،ووٹ ڈالنا آپ کی اسلامی، آئینی اور شہری ذمہ داری ہے،میں بمعہ اہل و عیال اپنے پولنگ سٹیشن پر پہنچا، قطار میں کھڑے ہوئے اور ووٹ دیا،آپ سب سے بھی درخواست ہے کہ باہر نکلیں اور اپنا ووٹ کا حق استعمال کریں،آج پاکستان کو آپ کی رائے کی جتنی ضرورت ہے اتنی پہلے کبھی نہیں تھی۔