قومی اسمبلی کے 265 میں سے 148 حلقوں کانتیجہ جاری کر دیا گیا، 61آزاد امیدوار، مسلم لیگ (ن) 43اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین کے38 امیدوار کامیاب ہو گئے

image

اسلام آباد۔9فروری (اے پی پی):قومی اسمبلی کے 265 میں سے 148 حلقوں کانتیجہ جاری کر دیا گیا، جس کے مطابق 61آزاد امیدوار، مسلم لیگ (ن) 43اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین کے38 امیدوار کامیاب ہو گئے،117نشستوں کے نتائج باقی ہیں، سابق وزرائے اعظم محمد نوازشریف، سید یوسف رضا گیلانی، محمد شہبازشریف اور سابق صدر آصف زرداری ، بلاول بھٹو ، گوہر علی خان ، اسد قیصر ، سید خورشید احمد شاہ سمیت اہم رہنما کامیاب ہو گئے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کئے گئے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کو 4، جمعیت علمائے اسلام اور پاکستان مسلم لیگ نے ایک ایک نشست حاصل کی جبکہ 119 نشستوں کے نتائج آنا باقی ہیں۔ ایک نشست پر امیدوار کی وفات کی وجہ سے پولنگ ملتوی کر دی گئی۔پنجاب اسمبلی کی 296 نشستوں میں سے اڑھائی سو کے قریب نشستوں کے نتائج سامنے آئے ہیں جس میں مسلم لیگ(ن) کو اکثریت حاصل ہے جبکہ آزاد امیدوار بھی بڑی تعداد میں کامیاب ہوئے ہیں۔

سندھ اسمبلی کی 101 نشستوں کے نتائج کا اعلان کیا گیا ہے جس کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین 79 نشستوں کے ساتھ سر فہرست ہے ، متحدہ قومی موومنٹ کے 8 ، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے 2 اور جماعت اسلامی کا ایک امیدوار کامیاب قرار پایا۔ خیبرپختونخوا اسمبلی کی 90 نشستوں کے نتائج کا اعلان کیاگیا جن میں سے 76 نشستیں آزاد میدواروں نے حاصل کیں۔

جمعیت علمائے اسلام پاکستان نے 5، مسلم لیگ (ن)نے 4، جماعت اسلامی نے 3 اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین نے 2نشستیں حاصل کیں، یہاں پر 23حلقوں کا نتیجہ آنا باقی ہے۔ بلوچستان اسمبلی کی 26 نشستوں کے نتائج کا اعلان کیا گیا ہے جن میں جمعیت علمائے اسلام پاکستان نے 5، مسلم لیگ (ن)6، پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین 5، آزاد امیدواروں نے 4 ، جماعت اسلامی نے ایک ، بلوچستان عوامی پارٹی نے 2 اور بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی نے ایک نشست حاصل کی۔ عوامی نیشنل پارٹی نے یہاں سے 2 نشستیں حاصل کی ہیں جبکہ 25 نشستوں کے نتائج آنا باقی ہیں۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US