راولپنڈی۔11فروری (اے پی پی):سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر میں آپریشن کے دوران داعش کے سرغنہ انتہائی مطلوب دہشت گرد سورت گل المعروف سیف اللہ کو جہنم واصل کردیا۔
اتوار کو فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ضلع خیبر میں ہائی پروفائل دہشت گرد کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا جس میں فائرنگ کے تبادلہ میں انتہائی مطلوب دہشت گرد سورت گل المعروف سیف اللہ کو جہنم واصل کیا گیا۔مرنے والے دہشت گرد کمانڈر سے بڑی تعداد میں ہتھیار، گولہ بارود برآمد ہوا۔ یہ دہشت گرد کمانڈر معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور دیگر دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث تھا جو قانون نافذ کرنے والوں اداروں کو انتہائی مطلوب تھا۔علاقہ میں مزید کسی دہشت گرد کی موجودگی اور اس کی تلاش کیلئے آپریشن کیا گیا۔ علاقہ کے مقامی لوگوں نے آپریشن کو سراہتے ہوئے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمہ کیلئے اپنے تعاون کا اظہار کیا۔