پاکستانی ماہر کی موریطانیہ کی یونیورسٹی میں تحقیقی آلات کی تنصیب

image

اسلام آباد۔12فروری (اے پی پی):پاکستان کے ایک ماہر نے موریطانیہ کی نوواک شوٹ یونیورسٹی میں تحقیقی آلات نصب کردیئے۔پاکستانی ماہر انجینئر سید محمد حسین رضوی کامسٹیک موریطانیہ سائنسی تعاون پروگرام کے تحت موریطانیہ کا دورہ کر رہے ہیں۔

پیر کو کامسٹیک کی جانب سے یہاں جاری بیان کے مطابق نوواک شوٹ یونیورسٹی میں تحقیقی آلات کی تنصیب موریطانیہ کی قومی تنظیم برائے سائنسی ترقی و اختراع کا ایک نیا اقدام ہے۔ اس اقدام کا مقصد لیبارٹریوں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کرنے کے لئے درکار وسائل کے ساتھ سائنسی تحقیق، لاجسٹکس اور تکنیکی مدد کو فروغ دینا اور اس کی حمایت کرنا ہے۔

انجینئر سید محمد حسین رضوی گزشتہ سال اسی تناظر میں دارلحکومت نوواک شوٹ گئے تھے۔ یمن، سری لنکا، افغانستان، کرغزستان اور سعودی عرب جیسے ممالک میں تحقیقی آلات کی تنصیب ، ان کا جائزہ لینے اور ان کی مرمت کی تربیت دینے کے حوالے سے ان کی قابلیت اور تجربہ مشہور ہے۔ ان کے کام کو بروکر اے ایکس ایس جرمنی کا ایوارڈ اور کے آر ایل، اسلام آباد کی جانب سے شاندار تکنیکی معاونت کی شیلڈ سے بھی سراہا جا چکا ہے۔

بیان کے مطابق کامسٹیک نے گزشتہ سال موریطانیہ کی اس تنظیم کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کئے تھے۔ اس وقت سے کامسٹیک ادارہ جاتی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لئے ماہرین کو موریطانیہ بھیج رہا ہے۔ دورہ کرنے والے ماہرین سائنسی آلات کی تنصیب اور مرمت کرتے ہیں اور موریطانیہ کی افرادی قوت کو آلات کے استعمال اور دیکھ بھال کی تربیت دیتے ہیں۔

یہ تنظیم موریطانیہ کی سائنسی تحقیق اور اختراع کی قومی ایجنسی ہے۔ اس کا مقصد سائنسی تحقیق کو مجموعی اقتصادی اور سماجی ترقی کے لئے استعمال کرنا ہے۔ اس کا مشن سائنسی تحقیق اور اختراع کے فروغ کے لئے ریاستی پالیسی کو نافذ کرنا ہے۔ کامسٹیک کا مقصد او آئی سی کے رکن ممالک کے درمیان سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کو بڑھانا اور جدید شعبوں میں تربیت کے ذریعے صلاحیتوں کو بہتر بنانا ہے۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US