لاہور۔20فروری (اے پی پی):پنجاب اسمبلی کے مزید2 آزاد ارکان پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوگئے۔پی پی 180 قصور سے کامیاب احسن رضا خان اور پی پی 128جھنگ فور سے کرنل (ر) غضنفر قریشی نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور نامزد وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف سے منگل کے روز ملاقات کی اور نوازشریف پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔
مریم نوازشریف نے احسن رضا خان اور کرنل (ر)غضنفر قریشی کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر خیرمقدم کرتے ہوئے مبارکباد دی اور کہا کہ آپ کی حمایت ملک کو ترقی کی طرف واپس لائے گی ۔ ہم انتشار ختم کرکے پاکستان کو استحکام کی طرف لیجاناچاہتے ہیں۔مریم نوازشریف نے کہا کہ پنجاب کی ترقی اور عوام کو ریلیف دینے کی جامع حکمت عملی تیار کرلی ہے،مسلم لیگ (ن) کی ترقی، تعمیر، عوام کی خوشحالی کی روایت کو نئے جذبے سے آگے بڑھائیں گے۔اس موقع پر حسن رضاخان اور کرنل (ر)غضنفر قریشی نے مریم نوازشریف کو وزیراعلی پنجاب نامزد ہونے پر مبارکباد دی۔