اسلام آباد۔20فروری (اے پی پی):سپریم کورٹ میں ذوالفقار علی بھٹو ریفرنس کی سماعت منگل کو چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 9 رکنی لارجر بنچ نے کی۔
ذوالفقار علی بھٹو ریفرنس کی سماعت کے موقع پر چیئرمین پیپلز پارٹی اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سپریم کورٹ پیش نہیں ہوئے۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہمارا اصل فوکس آئینی پہلو کی طرف ہے۔ عدالتی معاون مخدوم علی خان نے دلائل دیئے۔چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ ہمارا اختیارِ سماعت بالکل واضح ہے، اس کیس میں ہم لکیر کیسے کھینچ سکتے ہیں۔ چیف جسٹس نے آج کی سماعت کا حکم نامہ لکھوایا ۔ عدالت نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے لواحقین کو بھی سنا جائے گا۔اٹارنی جنرل کو بھی سنا جائے گا، آخر میں احمد رضا قصوری کو بھی سنا جائے گا۔بعدازاں سپریم کورٹ نے ریفرنس کی سماعت 26 فروری تک ملتوی کردی۔