اسلام آباد۔22فروری (اے پی پی):قومی اسمبلی کے ترجمان نے کہا ہے کہ نو منتخب ارکان قومی اسمبلی کے لیے قائم فیسلی ٹیشن سینٹر جمعرات22 فروری سے اسمبلی کے افتتاحی اجلاس تک فعال رہے گا ۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق ترجمان نے کہا کہ فیسلی ٹیشن سینٹر قومی اسمبلی کی کمیٹی روم نمبر 2 میں قائم کیا گیا ہےجس میں نو منتخب معزز ممبران قومی اسمبلی کی آمد کا سلسلہ جاری ہے ۔ فیسلی ٹیشن سینٹر میں نو منتخب ممبران قومی اسمبلی کی رجسٹریشن کے علاوہ کارڈز اور دیگر ضروری دستاویزات کے لئےتصاویر بنائی جا رہی ہیں۔نو منتخب ممبران سے ممکنہ رش کے باعث ہونے والی دشواری سے بچنے کیلئے فیسلی ٹیشن سینٹر میں بروقت تشریف لانے کی درخواست ہے۔نو منتخب ممبران قومی اسمبلی رجسٹریشن کے لیے اپنے قومی شناختی کارڈ سمیت دیگر ضروری دستاویزات ہمراہ رکھیں۔