نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ کا نگران کابینہ ،وزیر اعظم آفس اور ہائوس کے تمام افسران اور سٹاف کے تعاون پر اظہار تشکر

image

اسلام آباد۔22فروری (اے پی پی):نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے نگران کابینہ اور وزیر اعظم آفس اور ہائوس کے تمام افسران اور سٹاف کے تعاون پر ان کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا ہےکہ میرے لئے پاکستان ہی سب کچھ ہے،ہمیں اپنے گھر پاکستان کو خوشحال اور مستحکم بنانا ہے،پاکستان کے عوام میں بے پناہ صلاحیت ہے۔جمعرات کو نگران وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے وفاقی کابینہ اور سٹاف کی بھرپور معاونت کوسراہا ۔

انہوں نے نگران کابینہ کے تمام ساتھیوں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم آفس اور ہائوس کے تمام افسران اور سٹاف کے تعاون پر شکر گزار ہیں۔پرنسپل سیکرٹری،ڈی ایم ایس اور دیگر معاون سٹاف کی خدمات لائق تحسین ہیں۔وزیر اعظم آفس اور وزارتوں کے درمیان قریبی ہم آہنگی میں پرنسپل سیکرٹری کا کردار انتہائی اہم رہا۔کابینہ سیکرٹری نے جس انداز میں ذمہ داریاں انجام دیں ان پر وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں،ملٹری سیکرٹری نے بہترین پیشہ وارانہ انداز میں اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔

انہوں نےکہا کہ کابینہ سیکرٹری اور دیگر قابل بیوروکریٹس کی موجودگی ہمارے لئے باعث فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ میں خوش قسمت ہوں جسے ملک کی خدمت کا موقع ملا،مجھے پاکستان سے محبت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان کو اقوام عالم میں نمایاں مقام دلانا ہے۔پاکستان بابا بلھے شاہ ،شاہ لطیف ،خوشحال خان کی دھرتی ہے،پاکستان مختلف تہذیبوں اور ثقافتوں کا مرکز ہے جس کی اپنی منفرد شناخت ہے۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US