فونز کو چاولوں میں رکھ کر سکھانے کا خیال فوٹوگرافی کی دنیا سے آیا۔ ٹیکنالوجی سائٹ دی ورج کے مطابق یہ طریقہ 1940 کی دہائی سے استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ کیمروں اور فلموں کو نمی سے محفوظ رکھا جا سکے۔

آپ نے اکثر لوگوں کو یہ کہتے سنا ہو گا کہ اگر آپ کا فون پانی میں گر جائے یا کسی اور وجہ سے گیلا ہو جائے تو اسے کچے چاولوں میں رکھ کر سکھایا جا سکتا ہے۔
ماہرین ایک لمبے عرصے سے صارفین کو خبردار کرتے آ رہے ہیں کہ اس مشورے کا کوئی فائدہ نہیں۔
حتیٰ کہ اب آئی فون بنانے والی کمپنی نے ایک گائیڈ جاری کی ہے جس میں صارفین کو بتایا گیا ہے کہ یہ طریقہ ان کے آلات کو نقصان پہنچا سکتا ہے کیونکہ چاولوں کے ننھے ذرات آپ کے فون میں ہی رہ جاتے ہیں۔
اس کی بجائے تجویز کیا گیا ہے کہ صارفین آہستہ سے فون کو تھپتھپانے کی کوشش کریں جس سے مائع باہر نکلنے میں مدد مل سکے، فون کنیکٹر کو نیچے کی طرف رکھیں اور اسے خشک ہونے دیں۔
تکنیکی حوالے سے اگرچہ سمارٹ فونز نے بہت ترقی کر لی ہے لیکنگیلے ہونے کی صورت میں انھیں مرمت کرنے کے طریقے خاصے غیر نفیس ہیں۔
فون کو چاولوں میں رکھ کر سکھانے کا خیال فوٹوگرافی کی دنیا سے آیا ہے۔
ٹیکنالوجی سائٹ دی ورج کے مطابق یہ طریقہ 1940 کی دہائی سے استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ کیمروں اور فلموں کو نمی سے محفوظ رکھا جا سکے۔
لیکن برسوں سے ماہرین نشاندہی کرتے آئے ہیں کہ چاول کے دانے نمی تو جذب کر سکتے ہیں لیکن اس کا گیلے فون پر کوئی خاص اثر نہیں پڑتا۔
ایپل کی گائیڈ میں کیا کہا گیا؟
چاول کے تھیلوں سے گریز کرنے کے علاوہ، ایپل گیلے فون کو ’بیرون طور پر گرم کرنے کے طریقے یا کمپریسڈ ہوا‘ استعمال کرتے ہوئے خشک کرنے سے بھی خبردار کرتا ہے، یعنی آپ کو اپنے فون کو ہیٹر یا ہیئر ڈرائر کے سامنے لانے سے بھی گریز کرنا چاہیے۔
اس کے علاوہ کاٹن سواب یا پیپیر ٹاول ڈال کر سکھانے کی کوششیں بھیں نہ ہی کریں تو بہتر ہے۔
اس کے بجائے وہ مشورہ دیتے ہیں کہ فون کو چارجر میں واپس لگانے سے پہلے اسے خشک اور ہوادار جگہ پر رکھیں۔
ایپل نے اپنی گائیڈ میں خبردار کیا ہے کہ اسےمکمل طور پر خشک ہونے میں 24 گھنٹے لگ سکتے ہیں۔
جیسے ہی آپ کا فون نمی کا پتا چلاتا ہے تو یہ ایک انتباہ دینا شروع کرتا ہے جس کے مطابق آپ کو فون مکمل خشک ہونے دینا چاہیے اور اس کے بعد ہی اسے دوبارہ استعمال کریں یا واپس چارجر میں لگائیں۔
گائیڈ کے مطابق ’اگر آپ اپنے آئی فون کو چارج کرتے ہیں اور لائٹننگ یا یو ایس بی - سی کنیکٹر گیلا ہے، تو کنیکٹر یا کیبل پر موجود پن خراب ہو سکتے ہیں اور مستقل نقصان کا باعث بن سکتے ہیں یا کام کرنا بند کر سکتے ہیں، جس کے نتیجے میں آپ کے آئی فون یا اس سے جڑی چیزوں کے ساتھ کنیکشن کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔‘
میک ورڈ نامی ویب سائٹ جس پر ایپل کی نئی سپورٹ دستاویز شائع کی گئی ہے کہ مطابق امید کی جا رہی ہے کہ آئی فونز کے نئے ورژنز میں پانی کی مزاحمت کو بڑھایا جائے گا۔
آئی فون 12 سے شروع ہونے والے ایپل کے تمام آلات زیادہ سے زیادہ آدھے گھنٹے تک چھ میٹر کی گہرائی تک ڈوبنے کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
لیکن ایپل کے مطابق جن کے پاس پرانا فون ہے انھیں معلوم ہونا چاہیے کہ چاولوں جیسے حربے کام نہیں کرتے۔