اسلام آباد۔24فروری (اے پی پی):مسابقتی کمیشن آف پاکستان(سی سی پی) نے سعودی آئرن اور اسٹیل کمپنی(حدید) کے مابین تیسرے انضمام کی منظوری دے دی ہے۔ کمیشن کی جانب سے ہفتہ کو جاری پریس بیان کے مطابق مجموعی لین دین میں دو اداروں کی تنظیم نو شامل ہے جنہیں لین دین کے تین مراحل میں تقسیم کیا گیا ہے۔ سعودی کمپنی حدید ایک اچھی شہرت کی حامل کمپنی ہے، جو اسٹیل کی مصنوعات کی ایک رینج تیار کرتی ہے۔یہ پاکستان کی اسٹیل مارکیٹ میں اسپاٹ سیلز اور بین الاقوامی تاجروں کے ذریعے پاکستان کو برآمدات کا کاروبار فراہم کرتی ہے۔
ابتدائی طور پر پبلک انویسٹمنٹ فنڈ(پی آئی ایف) نے سعودی بیسک انڈسٹریز کارپوریشن (ایس اے بی آئی سی) سے حدید کے100 فیصد حصص حاصل کرنے کے لئے سی سی پی کو انضمام سے قبل درخواست بھجوائی گئی تھی۔ پی آئی ایف سعودی عرب کا ایک خودمختار ویلتھ فنڈ ہے اور عالمی سطح پر مختلف شعبوں میں متنوع سرمایہ کاری کے لئے جانا جاتا ہے۔پی آئی ایف نے ایس اے بی آئی سی کے ساتھ حصص کی خریداری کا معاہدہ کیا ہے ، جس کے تحت ایس اے بی آئی سی حدید کے اپنے پورے حصص کے سرمائے کو پی آئی ایف کو فروخت کرنے پر رضامند ہے۔اگلے مرحلے پر آگے بڑھتے ہوئے، حدید نے محمد بن عبدالعزیز الراجہی اینڈ سنز انویسٹمنٹ سے الراجہی اسٹیل انڈسٹریز کمپنی کے 100 فیصد حصص حاصل کرنا تھے۔ 1978 میں قائم ہونے والا الراجہی اسٹیل الراجہی انویسٹ کا ماتحت ادارہ ہے اور سعودی عرب میں اسٹیل مینوفیکچرنگ کی صلاحیتوں کی وجہ سے جانا جاتا ہے۔ اس میں حدید اور الراجہی انویسٹ کے درمیان حصص کے تبادلے کا معاہدہ شامل تھا۔تیسرے مرحلے میں پی آئی ایف حدید میں اپنے44.5 فیصد حصص محمد بن عبدالعزیز الراجہی اینڈ سنز انویسٹمنٹ کو دینے کا ارادہ رکھتا ہے تاکہ حدید اور الراجحی اسٹیل پر ان کی متعلقہ پیداواری صلاحیتوں کو بہتر بنانے اور ان کی آپریشنل استعداد کار میں اضافہ کیا جاسکے۔ دستیاب معلومات کے مطابق، ان لین دین سے متعلقہ مارکیٹ میں مسابقت کے خدشات پیدا ہونے کی توقع نہیں ہے۔پاکستان میں اسٹیل کا شعبہ ملک کی اہم ترین صنعتوں میں سے ایک ہے جو ملکی معیشت کے فروغ میںکلیدی کردار ادا کرنے اور سرمایہ کاری کے ساتھ جی ڈی پی میںاضافے میں مدد فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور معیشت اور سرمایہ کار دونوں کو فائدہ پہنچا سکتا ہے۔