لاہور۔25فروری (اے پی پی):قائمقام سی ٹی او لاہور سہیل فاضل نے مقامی ہوٹل، حج ٹرمینل اور قذافی اسٹیڈیم کا دورہ کیا۔ اتوار کے روز سہیل فاضل نے ٹیموں کے دونوں روٹس کے پوائنٹس اور مختلف داخلی و خارجی راستوں کا جائزہ لیا، انہوں نے پارکنگ پوائنٹس اور ڈائیورشن پوائنٹس کو بھی دیکھا، سی ٹی او لاہور نے پروگراموں کی حساسیت کے حوالے سے وارڈنز کو بریفنگ دی، بہترین ڈیوٹی کرنے والے 30 سے زائد وارڈنز کو شاباش دی اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ عوامی سہولت، ٹریفک کی موثر روانی اور آگاہی کیلئے جامع ٹریفک پلان جاری کیا گیا ہے، 3 ایس پیز، 12 ڈی ایس پیز اور 90 انسپکٹرز فرائض انجام دے رہے ہیں۔
قذافی اسٹیڈیم سے ٹیموں کے روٹس اور متبادل راستوں پر 900 سے زائد وارڈنز تعینات ہیں، رانگ پارکنگ کے خاتمے کیلئے 20 فورک لفٹرز اور 5 بریک ڈانز بھی فیلڈ میں موجود ہیں، شائقین کرکٹ کی سہولت اور باآسانی اسٹیڈیم تک رسائی کیلئے 3 پارکنگ اسٹینڈز مختص کئے گئے ہیں۔ سٹی ٹریفک پولیس کا روایتی انداز میں شائقین کرکٹ کو خوش آمدید کہنے کا سلسلہ جاری ہے، مال روڈ، کینال روڈ، جیل روڈ،مین بلیوارڈ روڈ گلبرگ ٹریفک کیلئے کھلی ہیں، ایس پی سہیل فاضل نے مزید کہا کہ میچ کے دوران کسی بھی روڈ کو ٹریفک کیلئے بند نہیں رکھا جائے گا، راستہ ایپ اورراستہ ایف ایم 88.6 کے ذریعے بھی شہریوں کو ٹریفک کی بدلتی صورتحال سے آگاہ رکھا جا رہا ہے۔ہیلپ لائن15 سے شہریوں کی مدد اور راہنمائی کو ہر پل یقینی بنایا جا رہاہے۔