اسلام آباد۔25فروری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی ہدایت پر تمام اسسٹنٹ کمشنرز کا اپنے دائرہ اختیار کے حامل مختلف علاقوں میں پتنگ بازی کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ اتوار کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر سٹی نے تھانہ آبپارہ پولیس ٹیم کے ہمراہ پتنگ بازی کے خلاف کارروائی کی، پتنگ فروشی میں ملوث دس افراد کو گرفتار کرکے پتنگیں، دھاتی ڈوریں وغیرہ برآمد کر لیں، پتنگ بازی جیسے جان لیوا کھیل اور جرم کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر انڈسٹریل ایریا نے کارروائی کرتے ہوئے چار افراد کو گرفتار کر کے تھانے منتقل کیا۔ترجمان آئی سی ٹی کے مطابق اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ ہے جس میں واضح طور پر پتنگ بازوں اور پتنگ فروشوں کے خلاف فوری کارروائی کر کے انہیں گرفتار کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے اسلام آباد کے شہریوں اور بچوں کے والدین سے درخواست کی کہ وہ اپنے بچوں کو پتنگ بازی سے دور رکھیں، کیونکہ اس کی وجہ سے قیمتی جانوں کے ضیاع کا اور برقی تنصیبات کے نقصان کا خدشہ ہے، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔