پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے رہنما اور عمران خان کے وکیل بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ’عمران خان سے ملاقات میں سینیٹ کے امیدواروں کے بارے میں مشاورت ہوئی ہے۔
بیرسٹر گوہر نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’عمران خان نے ملاقات ہوئی ہے۔ ان کی طبیعت بالکل ٹھیک ہے۔‘انہوں نے بتایا کہ ’آج عمران خان صاحب کے ساتھ اپنے پارلیمانی امور پر بھی بات چیت ہوئی ہے۔‘ بیرسٹر گوہر نے کہا ’سینیٹ کے الیکشن کے لیے 15 اور 16 مارچ کو کاغذات نامزدگی جمع ہوں گے۔ خان صاحب کے ساتھ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے سینیٹ کے امیدواروں سے متعلق بھی بحث ہوئی ہے۔’’کچھ امیدواروں کو فائنل کیا گیا ہے لیکن مزید کے بارے میں اگلی ملاقات پر عمران خان سے بحث ہو گی اور پھر حتمی فیصلہ ہو گا۔‘انہوں نے نئی وفاقی کابینہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’اس کابینہ میں کئی چہرے ایسے آئے ہیں جو نگراں سیٹ اَپ کا حصہ تھے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ وہ غیرجانبدار نگراں حکومت نہیں تھی بلکہ وہ پی ڈی ایم کی ایکسٹینشن تھی۔ یہ سب وہ لوگ تھے جو ایک پارٹی کے خلاف سازش کر رہے تھے۔‘وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور وزیراعظم شہباز شریف کی متوقع ملاقات سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ’دیکھیں ہم تو چاہتے ہیں کہ برف پگھلے، لیکن حکومت کے اقدامات بھی دیکھیں، وہ ہمیں بیک برنر پر لے کے جا رہے ہیں۔‘انہوں نے کہا کہ ’ہم چاہتے ہیں کہ پارلیمان میں بات چیت کے ذریعے آگے بڑھیں لیکن وہاں ہمیں وقت نہیں دیا جاتا، ہماری آواز ٹی وی پر بند کر دی جاتی ہے۔ ایسے حالات میں اکٹھے چلنا بڑا مشکل ہو گا۔‘