فیصل آباد۔ 22 اپریل (اے پی پی):کسان خوشحال پنجاب خوشحال کے ماٹو کے تحت بینک آف پنجاب کے ذریعے پنجاب کسان کارڈز کا اجرا کرکے صوبائی حکومت5 لاکھ کاشتکاروں کو 150 ارب روپے کے بلاسود قرضے فراہم کرے گی جن میں سے75 ارب روپے ربیع اور75 ارب روپے کے قرضےخریف کی فصلوں کے لیے مختص ہوں گے۔
نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے اے پی پی کو بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں زرعی ترقی کےلئے متعدد اہم اقدامات کی منظوری دی ہے جس کے تحت فیز ون کے تحت کھا لوں کی بہتری کےلئے 10 ارب روپے کی لاگت سے 1200 بڑے کھالےاور فیز ٹو میں 50 ارب روپے کی لاگت سے 6100 کھالوں کی بحالی، پختگی و بہتری عمل میں لائی جا ئے گی۔انہوں نے کہاکہ ٹیوب ویلوں کی سولرائزیشن کے منصوبے کے تحت رعایتی قیمت پر 5000 ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی کی جا ئے گی اور بطور پائلٹ پراجیکٹ اس منصوبے پر 10 ارب روپے خرچ کئے جائیں گے جس سے صوبے میں سر سبز انقلاب کی راہ ہموار اور زرعی اجناس کی پیداوار میں زبردست اضافہ ہوگا۔