نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سیدوف کے درمیان ملاقات

image

اسلام آباد۔8مئی (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سیدوف نے بدھ کو یہاں وزارت خارجہ میں ملاقات اور جامع بات چیت کی۔ دفتر خارجہ کی ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ازبکستان کے وزیر خارجہ دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان میں ہیں۔

فریقین نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان ثقافتی، تہذیبی اور تاریخی تعلقات پر زور دیا جو مختلف شعبوں میں مضبوط شراکت داری کی ٹھوس بنیاد فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ، ایس سی او اور او آئی سی جیسے کثیر الجہتی فورمز پر قریبی سکیورٹی و دفاعی تعاون اور مضبوط مشغولیت پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔ بیان کے مطابق فریقین نے ازبکستان-افغانستان-پاکستان ریلوے منصوبے پر جلد عمل درآمد کے عزم کا اعادہ کیا جس سے دوطرفہ اور علاقائی تجارت کو فروغ ملے گا اوریہ پراجیکٹ جنوبی اور وسطی ایشیا کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرے گا۔

دونوں فریقین نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان طویل اقتصادی تعاون، تجارت، سرمایہ کاری اور رابطوں پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ کے فعال ہونے کے بعد دو طرفہ تجارت میں گزشتہ سال کے دوران 1.4 گنا اضافہ ہوا ہے اور فروری 2023 میں تاشقند میں منعقدہ آخری بین الحکومتی کمیشن کے دوران طے شدہ اہداف تک پہنچنے کی صلاحیت ہے۔ انہوں نے اقتصادی تعاون کے نئے شعبوں اور خاص طور پر کاروباری برادری کے لیے روابط اور عوام کے درمیان رابطوں کو فروغ دینے کے لیے آزادانہ ویزا نظام کی اہمیت پر بھی زور دیا۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US