سیالکوٹ۔31مئی (اے پی پی):لیدر پراڈکٹس ڈویلپمنٹ انسٹی ٹیوٹ سیالکوٹ کے چیئرمین قاسم محمود سدرہ کی قیادت میں لیدر پراڈکٹس ڈویلپمنٹ انسٹی ٹیوٹ کے ایک وفد نے ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ کا دورہ کیا۔انہوں نے یہ دورہ سپرنٹنڈنٹ جیل ملک بابر اور ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ میں سماجی و اقتصادی بحالی مرکز کے سوشل ویلفیئر آفیسر ابرار عبداللہ ساہی کی دعوت پر خواتین قیدیوں کی تربیت کے لیے ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کے لیے کیا۔
وفد میں لیدر پراڈکٹس ڈویلپمنٹ انسٹی ٹیوٹ کے سابق چیئرمین ندیم عبداللہ، ایل پی ڈی آئی کے کمیٹی ممبر اویس احمد، ایل پی ڈی آئی کے کمیٹی ممبر فیصل برلاس اور ایل پی ڈی آئی کے پروجیکٹ منیجر رانا امجد حسین شامل تھے۔اس موقع پر گفتگو کرتے چیئرمین قاسم محمود سدرہ کا کہنا تھا کہ اس ایم او یو کا مقصد خواتین قیدیوں کی فنی تربیت کرنا ہے تاکہ جیل سے باہر آنے کے بعد یہ خواتین با صلاحیت ،باروزگار اور خود مختار ہوں۔