برآمدات بڑھانے کیلیے نجی ماہرین پر مشتمل ورکنگ گروپ کو روڈ میپ تیار کرنے کی ہدایت

image

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ زرعی شعبے کی اصلاحات اور کسانوں کو عالمی معیار کے مطابق جدید زرعی طریقوں سے ہم آہنگ کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے زرعی برآمدات میں اضافے اور شعبے کو بین الاقوامی تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کیلیے قائم نجی شعبے کے ماہرین پر مشتمل ورکنگ گروپ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے یہ ہدایات جاری کیں۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت زرعی شعبے میں اصلاحات کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومتوں کے تعاون سے زراعت کی ترقی کیلیے اقدامات کر رہی ہے۔ فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کیلیے معیاری بیج، مناسب قیمت پر بروقت کھاد اور بیماریوں سے بچاؤ کی ادویہ کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ زرعی اجناس کی پراسیسنگ کے ذریعے برآمدات کے قابل مصنوعات کی تیاری کیلیے پالیسی سطح پر اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ حال ہی میں ایک ہزار پاکستانی طلبہ کو چین میں جدید زرعی ٹیکنالوجی کی تربیت کیلیے بھیجا گیا ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ماہی گیری، پھلوں اور ویلیو ایڈڈ زرعی مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کیلیے اقدامات جاری ہیں جبکہ ساحلی علاقوں میں پام آئل کی پیداوار کیلیے پالیسی تجاویز تیار کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔ وزیرِ اعظم نے آئندہ پانچ برس میں زرعی برآمدات میں نمایاں اضافے کیلیے جامع لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں چیئرمین ورکنگ گروپ رانا نسیم اور ان کی ٹیم نے زرعی شعبے کو درپیش مسائل، فی ایکڑ پیداوار، ہارٹی کلچر، لائیو اسٹاک، ڈیری اور دیگر متعلقہ شعبوں کا علاقائی و عالمی تقابلی جائزہ پیش کیا۔ وزیرِ اعظم نے ورکنگ گروپ کی بریفنگ کو سراہتے ہوئے قابلِ عمل اور جامع روڈ میپ تیار کر کے اسے حکومتی اصلاحات کا حصہ بنانے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، رانا تنویر حسین، ڈاکٹر مصدق ملک، محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ، وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی ہارون اختر اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US