شاہ چارلس کے اعزاز میں 14 کروڑ کے ’لابسٹر ڈنر‘ پر فرانسیسسی ایوانِ صدر کو تنقید کا سامنا

فرانس کے آڈٹ آفس کے مطابق برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم کے اعزاز میں دیے جانے والے شاندار لوبسٹر ڈنر پر فرانسیسی صدر کے دفتر کو چار لاکھ 75 ہزار یوروز ادا کرنے پڑے۔
یہ دعوت کنگ چارلس کے تین روزہ دورے کے درمیان دی گئی تھی
Getty Images
یہ پرتعیش دعوت شاہ چارلس کے تین روزہ دورۂ فرانس میں دی گئی تھی

فرانس کے آڈٹ آفس کے مطابق برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم کے اعزاز میں دیے جانے والے شاندار لوبسٹر ڈنر پر فرانسیسی صدر کے دفتر کو چار لاکھ 75 ہزار یوروز ادا کرنے پڑے۔

اگر پاکستانی روپے میں دیکھا جائے تو اس عشائیے پر آنے والی لاگت 14 کروڑ روپے سے زیادہ کی تھی۔

صدر ایمانوئل میکخواں نے ستمبر میں بادشاہ کے دورے کے لیے تمام حدبندیوں کو ختم کر دیا تھا اور مہمانوں کی تواضع کے لیے بلیو لوبسٹر، کیکڑے اور انواع و اقسام کے پنیر پیش کیے گئے تھے۔

لیکن صدارتی اخراجات کی اپنی سالانہ رپورٹ میں فرانس کی سپریم آڈٹ کور دی کامتے نے خبردار کیا کہ ریاستی استقبالیہ پر زیادہ اخراجات نے ان کے بجٹ کو 83لاکھ یورو خسارے میں پہنچا دیا ہے۔

ادارے کا کہنا ہے کہ ایوان صدرکو اب یہ ’کوشش کرنے کی ضرورت ہے کہ وہ مالی توازن کو بحال اور برقرار رکھے۔‘

کنگ چارلس کے اعزاز میں منعقدہ دعوت میں بہت سے مشاہیر شامل تھے
Getty Images
کنگ چارلس کے اعزاز میں منعقدہ دعوت میں بہت سے مشاہیر شامل تھے

برطانوی بادشاہکے عشائیے پر خرچ ہونے والی رقم میں سے 165,000 یورو سے زیادہ کیٹرنگ پر جبکہ 40,000 یورو مشروبات پر خرچ ہوئے۔

معروف شخصیات سے سجی ضیافت میں شامل مہمانوں میں اداکار ہیو گرانٹ، فٹ بال مینیجر آرسین وینگر اور مک جیگر اہم تھے۔ ان سب کو عشائیے میں بلیو لوبسٹر (جھینگے کی سب سے بڑی قسم) اور کیکڑوں سے بنے پکوان پیش کیے گئے اور اس کے بعد انھیں بریس پولٹری اور مشروم گریٹن پیش کیے گئے۔

انھیں مختلف اقسام کے پنیر پر مبنی پکوان بھی پیش کیا گیا جس میں فرانسیسی کامٹے اور برٹش سٹیشلٹن بلیو شامل تھے۔

میٹھے میں مہمانوں کو روز میکرون کوکیز پیش کی گئی جو کہ گلاب کی پنکھڑیوں کی کریم، رس بھری اور لیچیوں سے تیار کی گئی تھی۔

مک جیگر اور ان کی ساتھی میلانیا ہیمرک
Getty Images
مک جیگر اور ان کی ساتھی میلانیا ہیمرک بھی مہمانوں کی فہرست میں شامل تھے

ورسائی کے محل میں یہ شاندار ضیافت برطانیہ کے بادشاہ چارلس کے فرانس کے تین روزہ سرکاری دورے کا حصہ تھی جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان قائم اہم اتحاد کو تقویت دینا تھا۔

یہ دورہ اصل میں مارچ کے مہینے میں ہونا طے تھا لیکن اسے فرانس کے اہم شہروں میں پنشن کی اصلاحات پر ہونے والے بڑے پیمانے کے مظاہروں کے بعد ملتوی کر دیا گیا تھا۔

رپورٹ میں صرف شاہ چارلس کے دورے پر آنے والے اخراجات کا ذکر نہیں تھا بلکہ اس سے قبل جولائی سنہ 2023 میں لاورے میں انڈین وزیر اعظم نریندر مودی کے لیے سجائی جانے والی ایک ضیافت کا ذکر بھی تھا جس پر صدارتی دفتر نے چار لاکھ 12 ہزار یورو کا خرچہ کیا تھا۔

آڈٹ آفس نے کہا کہ مذکورہ ریاستی استقبالیوں کی وجہ سے ایوان صدر کے اخراجات میں اضافہ ہوا ہے اور یہ کہ تمام اخراجات میں پچھلے سال کے مقابلے میں 14 فیصد اضافہ ہے۔

اس کے مقابلے میں صدارت کے ذریعے حاصل ہونے والی آمدنی میں صرف 6.5 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts