وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے دسمبر 2025 میں ریکارڈ ٹیکس وصولی پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی فیلڈ فارمیشنز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسے حکومت کے مالیاتی اصلاحاتی ایجنڈے کی کامیابی قرار دیا ہے۔
ویڈیو لنک کے ذریعے ایف بی آر حکام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ گزشتہ 18 ماہ میں ٹیکس نظام میں نمایاں بہتری آئی ہے اور دسمبر کی وصولیاں بہتر ٹیکس تعمیل، مؤثر نفاذ اور ڈیجیٹل اصلاحات کا عملی ثبوت ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایف بی آر نے دسمبر 2025 میں 1,427.1 ارب روپے ٹیکس وصول کیے، جو مقررہ ماہانہ ہدف کا 99 فیصد ہے جبکہ ان لینڈ ریونیو سروس نے 99.8 فیصد ہدف حاصل کیا۔ اعداد و شمار کے مطابق نومبر کے مقابلے میں دسمبر میں ٹیکس وصولی میں 59 فیصد اضافہ ہوا، اور انکم ٹیکس کی وصولی میں 107 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ سیلز ٹیکس، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی اور کسٹمز ڈیوٹی میں بھی واضح بہتری دیکھی گئی۔
وزیر خزانہ نے ایف بی آر کی فیلڈ فارمیشنز پر زور دیا کہ وہ ٹیکس نیٹ کو مزید وسیع کریں اور رسمی شعبے پر بوجھ کم کرنے کے لیے اپنی کوششیں دوگنی کریں کیونکہ پائیدار معاشی استحکام کے لیے بہتر ٹیکس تعمیل ناگزیر ہے۔