پشاور: مبینہ بھتہ خور نے دو کروڑ کا مطالبہ کر کے شہری کو تابوت بھجوا دیا

image

پشاور میں بھتہ خور کاروباری افراد کو ڈرانے دھمکانے کے لیے نیا طریقہ آزمانے لگے۔ فقیر آباد تھانے کی حدود میں گزشتہ روز نامعلوم افراد کی جانب سے نجی پراپرٹی ڈیلر کے دفتر بھتے کی دھمکی کے ساتھ دو تابوت بھیجے جانے والا واقعہ پیش آیا ہے۔

بدھ کو اشرافیہ روڈ پر پراپرٹی کے دفتر کے باہر دو رکشوں میں دو تابوت بھجوائے گئے جس کے بعد پولیس نے اطلاع ملتے ہی دونوں رکشوں اور تابوت کو تحویل میں لے لیا اور اس واقعے کا مقدمہ تھانہ فقیر آباد میں درج کر لیا گیا۔ 

ایف آئی آر کے مطابق مدعی نے اپنے بیان میں موقف اپنایا کہ انہیں کئی دنوں سے کالیں موصول ہو رہی تھیں جبکہ کچھ روز پہلے ان کے دفتر کے باہر فائرنگ بھی ہوئی۔

 انہوں نے پولیس کو بتایا کہ ان سے دو کروڑ روپے کا مطالبہ کیا گیا تھا جس کی وجہ وہ اور ان کے گھر والے خود کو غیرمحفوظ محسوس کر رہے ہیں۔

اس معاملے پر اے ایس پی فقیر آباد محمد علیم نے بتایا کہ معروف کاروباری شخص کے دفتر کے باہر دو تابوت رکھے گئے تھے جن کے اوپر بھتے کی پرچی بھی رکھی تھی جس پر پیسوں کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ 

اے ایس پی فقیر آباد کے مطابق معاملے کی تمام پہلوؤں سے تفتیش کر رہے ہیں۔ ہو سکتا ہے یہ بھتہ خوری کے علاوہ لین دین کا کوئی تنازع ہو تاہم پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US